گلگت بلتستان کی عدالت نے توہین عدالت کیس میں فواد حسن فواد کو بری کرنے کا حکم دے دیا

گلگت بلتستان نے فواد حسن فواد کے معافی مانگنے پربری کرنے کا حکم دیا۔ میڈیا رپورٹ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 جولائی 2018 13:32

گلگت بلتستان کی عدالت نے توہین عدالت کیس میں فواد حسن فواد کو بری کرنے ..
گلگت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2018ء) : گلگت بلتستان کی عدالت نے فواد حسن فواد کو توہین عدالت کیس میں بری کر دیا۔ میڈیا رپورت کے مطابق گلگت بلتستان عدالت کے جج نے فواد حسن فواد کے معافی مانگنے پر انہیں کیس سے بری کرنے کا حکم دیا ۔ یاد رہے کہ فواد حسن فواد اس وقت آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب کی زیر حراست ہیں لیکن ان کے خلاف گلگت بلتستان کی عدالت میں بھی مقدمہ چل رہا تھا ۔

گلگت بلتستان کی عدالت نے دو روز قبل احتساب عدالت سے انہیں ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر بھجوانے کی درخواست کی تھی۔ فواد حسن فواد نے استدعا کی تھی کہ صحت اجازت نہیں دیتی، گلگت بلتستان نہ بھجوایا جائے۔لیکن احتساب عدالت کے جج محمد منیر نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فواد حسن فواد کو ایک روز کے لیے گلگت بلتستان لے جانے اور عدالت میں پیش کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

(جاری ہے)

رواں ہفتے سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے عدالت کی جانب سے معطل کئے جانے والے آرڈر کے تحت سمری بھجوانے پر صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرکی تھی۔ وفاقی بیوروکریسی کے اہم افسران فواد حسن فواد، وفاقی سیکرٹری قانون اور سیکرٹری کشمیر افیئرز کے خلاف توہین عدالت کے کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ صوبائی حکومت نے کس قانون کے تحت سمری بجھوائی، جس آرڈر کے تحت سمری وزیراعظم کو بجھوائی گئی ہے اس آرڈر کو عدالت نے 20جون کو ہی معطل کر رکھا ہے، حکومت کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، عدالت نے چیف سیکرٹری کو نوٹس جاری کر دیا عدالت نے اپنے آرڈر میں کہا کہ مختلف اخبارات میں چھپنے والی خبروں کے مطابق صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کے تحت کونسل کے اثاثے صوبائی حکومت کو منتقل کرنے کی سمری وزیراعظم پاکستان کو بھجوائی ، عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کو عدالت نے پہلے ہی 20 جون 2018ء کو معطل کیا ہے اس کے باوجود نئے آرڈر کے تحت وزیراعظم کو سمری بھجوانا توہین آمیز ہے۔

عدالت نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلی سماعت پر جواب طلب کیا تھا۔ فواد حسن فواد کو نیب تحویل سے ایک روز کے لیے گلگت بلتستان کی عدالت پیش کیا گیا جہاں انہوں نے عدالت سے معافی مانگ لی۔ فواد حسن فواد کے معافی مانگنے پر آج گلگت بلتستان کی عدالت نے فواد حسن فواد کوکیس سے بری کر دیا۔