دُبئی:بیوی کی مشکوک حرکات کی نگرانی کے لیے خاوند نے بُرقعہ اوڑھ لیا

میٹرو سٹیشن پر تعینات پولیس اہلکار نے شک پڑنے پر گرفتار کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 جولائی 2018 13:43

دُبئی:بیوی کی مشکوک حرکات کی نگرانی کے لیے خاوند نے بُرقعہ اوڑھ لیا
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جُولائی 2018) دُبئی پولیس نے دُبئی میٹرو سٹیشن پر نقاب اور عبایہ میں ملبوس 37 سالہ بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم کا کہنا ہے کہ اُس کی ہم وطن بیوی اُس سے بے وفائی کی مرتکب ہو رہی تھی۔ اُس نے بیوی کو اپنے مبینہ آشنا کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے سُنا تھا جس میں وہ دُبئی میٹرو سٹیشن پر ملاقات کا وقت مقرر کر رہی تھی۔

جس پر اُس نے بیوی کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے اُس نے دیرہ کے ایک سٹور سے نقاب‘ عبایہ اور چولی خریدی اور اپنی ڈیوٹی کا ٹائم ختم ہونے کے بعد اُنہیں پہن لیا۔ جس کے بعد وہ جلدی جلدی میٹرو سٹیشن کی طرف روانہ ہو گیا۔ جب وہ ایک میٹرو کارٹ سے اندر داخل ہونے کو تھا تو ایک پولیس والے نے شک پڑنے پر اُسے روکا اور کہا کہ وہ نقاب اُٹھا کر اپنا چہرہ دکھائے۔

(جاری ہے)

جب شکی خاوند کی جانب سے ایسا کیا گیا تو پولیس والے کی حیرت کی انتہا نہ رہی ۔ ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم پر خواتین کا بہروپ بنانے کا الزام عائد کیا گیا۔ عدالت میں پیش کیے جانے پر ملزم نے خود کو خواتین کے لباس میں ڈھانپنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے اپنی بیوی کی مشکوک حرکات پر نظر رکھنے کے لیے ایسا کیا تھا۔

کیونکہ اُس کی بیوی کسی نامحرم کے ساتھ پیار کی پینگیں بڑھا کر اُس سے بے وفائی کر رہی تھی۔ وہ اُس کا پیچھا کر کے اُسے رنگے ہاتھوں پکڑنا چاہتا تھا۔ عدالت نے ملزم پر دو ہزار اماراتی درہم کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ تاہم استغاثہ نے فیصلے کے خلاف اپیل کرتے ہوئے ملزم کی سزا میں مزید سختی کرنے اور اُسے ڈی پورٹ کرنے کی استدعا کی ہے۔ ملزم نے عدالت میں اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قطعاً ہم جنس پرست نہیں ہے اور اس سے پہلے کبھی اُس نے عورتوں کا لباس نہیں پہنا۔ وہ تو صرف اپنی بیوی اور اُس کے مبینہ آشنا کو موقع پر پکڑنا چاہتا تھا۔ اُس کی کوئی مجرمانہ نیت نہیں تھی۔