لنڈی کوتل ‘حلقہ این اے 43 متحدہ مجلس عمل کے امیدوارکا خیبر میں تکیہ کے مقام پربھر پورسیاسی قوت کا مظاہرہ

سابقہ عوامی نمائندوں نے کوئی وعدہ ایفا نہیں کیا اب پھر لوگوں کو سبز باغ دکھا کر دھوکہ دیتے ہیں،مفتی اعجاز شینواری کا خطاب

جمعرات 19 جولائی 2018 14:13

لنڈی کوتل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) حلقہ این اے 43 متحدہ مجلس عمل کے امیدوار نے خیبر میں تکیہ کے مقام پربھر پورسیاسی قوت کا مظاہرہ کرکے مخالف امیدواروں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔سابقہ عوامی نمائندوں نے کوئی وعدہ ایفا نہیں کیا اب پھر لوگوں کو سبز باغ دکھا کر دھوکہ دیتے ہیں،قبائلی عوام کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے الگ صوبہ قائم کرینگے،اس مثالی اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میںلوگوں نے شرکت کرکے ثابت کیاکہ حلقہ میں جے یو آئی سب سے مضبوط سیاسی قوت ہے،عوام 25جولائی کو کتاب پر مہر لگاکر سیکولر قوتوں کو بری طرح شکست سے دوچار کرے۔

گزشتہ روز لنڈی کوتل کے علاقے خیبر تکیہ کے مقام پر جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا جس میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار حلقہ این اے 43مفتی اعجاز شینواری ،جے یو آئی کے راہنماوںپیر محمد عمر بنوری،شیخ الحدیث مولانا تحسین اللہ،ملک اکرام اللہ جان کوکی خیل،مولانا غفران اللہ خیبری ،قاری جہاد شاہ ،مولانا دلاور شاہ اور مولانا مجاہد احمد ودیگر علمائے کرام سمیت ہزاروں کی تعداد میں جمرود اور لنڈی کوتل کے آفریدی ،شینواری ،شلمانی اور ملاگوری اقوام کے لوگوںنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل حلقہ این اے 43کے نامزد امیدوار مفتی اعجازودیگر نے کہا کہ 25 جولائی کو مقابلہ رحمانی اور سیکولرز قوتوں کے درمیان ہوگا متحدہ مجلس عمل کے علماوں نے ہمیشہ باطل قوتوں کو مات دی ہے کیونکہ اللہ کی کتاب میں جو قوت ہے وہ کسی سرمایہ یا تکبر میں نہیں ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو ہمیشہ دھوکا دیا گیا ہے پھر ان کی طرف کسی نے دیکھا بھی نہیں ھے کہ عوام کون کون سے مسائل کے دلدل میں پھنس گئے ییںانہوں نے کہا کہ قبائل کی محرومیوں کے ازالہ اور ترقی کا واحد حل الگ صوبے میں ہے مگر افسوس کہ عوام کے مفادات کی بجائے چند افراد کی مفادات کو مد نظر رکھا گیا انضمام سے قبائل کے بنیادی مسائل نہیں ہوں گے بلکہ مزید الجھ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دولت کے پجاری سرمایہ دار امیدواروں کو اللہ کے فضل اور عوام کی طاقت سے ایسی شکست دینگے کہ وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہونگے انہوں نے کہا کہ سابقہ ممبران پارلیمنٹ نے کوئی وعدہ ایفا نہیں کیا اور اب پھر لوگوں کو سبز باغ دکھا کر دھوکہ دیتے ہیں مفتی اعجاز شنواری نے کہا کہ وہ عوامی مسائل کے حل پر مبنی منشور رکھتے ہیں اور ان کی پشت پر مدارس اور مساجد کے علماء سمیت پروفیسرز،ڈاکٹرز ،انجنئیرزاور اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں پر مشتمل ایک مضبوط ٹیم ہیں جس سے علاقہ ترقی کی جانب گامزن ہوگاآخرمیں انہوں کامیاب اور منظم پروگرام منعقد کرانے پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا ۔