ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور لاء افسران کی تعیناتیوں کیخلاف انٹراکورٹ اپیل،

حکومت پنجاب کو نوٹس جاری ، 23جولائی کو جواب طلب

جمعرات 19 جولائی 2018 14:42

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور لاء افسران کی تعیناتیوں کیخلاف انٹراکورٹ اپیل،
لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) لاہور ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور لاء افسران کی تعیناتیوں کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پرحکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23جولائی کو جواب طلب کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی تقرری کے لیے قواعد و ضوابط پورے نہیں کئے گئے، انہوں نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا عہدہ آئینی نوعیت کا ہے، آئینی عہدے پرغیر آئینی طریقے سے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا تقرر کیا گیا، انہوں نے کہا کہ میرٹ کے برعکس تعینات کئے گئے لا افسر عدالتوں کی صحیح راہنمائی نہیں کرتے،انہوں نے استدعا کی کہ میرٹ کے برعکس افسران کی تعیناتیاں کالعدم قرار دی جائیں، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رانا شمشاد احمد نے جواب داخل کرنے کے لیے مہلت طلب کر لی، جس پر عدالت نے حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23جولائی کو جواب طلب کر لیا۔