محکمہ بلدیات کا ماحولیات آلودگی کے خاتمہ کے لئے تمام اضلاع کی مشینری کو استعمال میں لانے کا فیصلہ

صوبہ بھر کی 3200سے زائد یونین کونسلوں میں تعینات سیکر ٹریزکو شجر کاری مہم کو پروان چڑھانے کی ہدایت جاری

جمعرات 19 جولائی 2018 14:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) صوبائی سیکر ٹری بلدیات پنجاب عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرصوبہ بھر میں شجر کاری مہم 2018ء کا آغاز کر دیا گیا ہے،اس سلسلے میں محکمہ بلدیات نے ماحولیات آلودگی کے خاتمہ کے لئے تمام اضلاع کی مشینری کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی 3200سے زائد یونین کونسلوں میں تعینات سیکر ٹریزکو شجر کاری مہم کو پروان چڑھانے کی ہدایت جاری کر دی گئیںہیں۔

(جاری ہے)

صوبہ بھر کی تمام یونین کونسلوں میںتعینات 4016 سیکر ٹریز رواں سال 5لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ مکمل کریں گے۔ سیکر ٹری بلدیات نے کہا کہ سفیدے کے علاوہ ایسے درخت لگائے جائیں جوچھائوں فراہم کر سکیںاور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں بھی اہم ثابت ہوں اور زیر زمین پانی کو بھی ان سے کوئی نقصان نہ ہو۔ میٹرو پولیٹین کار پوریشن لاہور سمیت صوبہ بھر کی ڈویژنل کی سطح پر قائم میونسپل کارپوریشنز،میونسپل کار پوریشن سیالکوٹ ،گجرات اور مری کے ایڈمنسٹریٹرزاس عمل کی رپورٹ بھجوانے کے پابند ہونگے۔ عارف انور بلوچ نے کہا کہ صوبہ بھر میں موجود میونسپل کمیٹیاں،36اضلاع کی ڈسٹرکٹ کونسلیں،یونین کونسلزاور ایڈ منسٹریٹرز بھی رپورٹ بھجوانے کے پابند ہونگے۔