Live Updates

عمران خان کی جانب سے الیکشن کمشن کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی دوبارہ نہ کرنے کی تحریری یقین

سردار آیاز صادق سمیت دیگر لیگی رہنمائوں کو توہین امیز تقاریر کرنے پر نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ

جمعرات 19 جولائی 2018 16:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی دوبارہ نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی پر سماعت 9اگست تک ملتوی کر دی ہے جبکہ اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدوار کے بینرز پر ملی مسلم لیگ کا نام درج ہونے پر آج جمعہ کو جواب طلب کر لیا ہے الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے سابق سپیکر سردار آیاز صادق سمیت دیگر لیگی رہنمائوں کو توہین امیز تقاریر کرنے پر نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔

جمعرات کے روز الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے خلاف توہین امیز تقاریر کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے از خود نوٹس کی سماعت ہوئی اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران کی جگہ ان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوگئے۔

(جاری ہے)

سماعت شروع ہوئی تو الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو نے ڈاکٹر بابر اعوان سے استفسار کیا کہ عمران خان نے جلسوں کے دوران تقاریر میں بہت نازیبا زبان استعمال کی ہے اور آپ نے سنا تو ہوگاکیونکہ آپ ساتھ ہی ہوتے ہیں جس پر بابر اعوان نے کہا کہ جی ہاں میں نے سنا ہے اور مزید کیا ہوا ہے آپ کی اجازت سے سناتا ہوں اس موقع پر بابر اعوان نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ویڈیو کلپ کمرہ عدالت میں چلایا اور کہا کہ یہاں ایسے ایسے الفاظ بھی استعمال ہورہے ہیں، نکاح، شادی، گھر والوں کے بارے میں ایسے ایسے لفظ استعمال کیے گئے ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف طالبان خان اور اس سے بھی برے الفاظ استعمال ہو رہے ہیں پی ٹی آئی یہ نہیں کہتی کہ نوٹس نہ دیں جس پر ممبر پنجاب الطاف ابراہیم نے کہا کہ ابھی اور بھی نوٹسز نکل رہے ہیں ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ گدھا تو معمولی لفظ ہے، یہاں استاد بھی گدھا کہہ دیتے ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ استاد کی بات اور ہوتی ہے بابر اعوان نے کہا کہ ایک صوبے والا دوسرے صوبے کو کہے کہ ووٹ دینے والا بے غیرت ہے اس موقع پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ احتیاط کریں کہ آئندہ ایسا نہ ہو، آپ ایک یقین دہانی کرائیں کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا، انتخابی مہم بھی چل رہی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ آئندہ ایسا ہو۔

ممبر خیبرپختونخوا ارشاد قیصر نے وکیل عمران خان کو کہا کہ ایسی زبان و لہجہ استعمال نہ ہو کہ نفرتیں اور اشتعال پھیلیں جس پر بابر اعوان نے عمران خان کی جانب سے تحریری یقین دہانی کی حامی بھرلی۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے نازیبا زبان استعمال کرنے کا نوٹس میڈیا میں آنے والی خبروں کی بنیاد پر لیا تھاالیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت9اگست تک ملتوی کر دی ہے الیکشن کمیشن میں اللہ اکبر تحریک کے امیدوار وں کے بینرز پر ملی مسلم لیگ کا نام درج ہونے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے موقع پر اللہ اکبر تحریک کے امیدوار چوہدری سعید احمد گجر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اس موقع پر ممبران الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ اپ کے بینرز پر ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار کا لکھا ہوا ہے اور اشتہارات بھی آرہے ہیں آپ کا ملی مسلم لیگ سے کیا تعلق ہے جس پر امیدوار چوہدری سعید احمد گجر نے کہاکہ مجھے ملی مسلم لیگ کی حمایت حاصل ہے تاہم مجھے وکیل کرنے کا موقع دیا جائے جس پر الیکشن کمیشن نے امیدوار کو وکیل اور تحریری جواب کے ساتھ آج دوبارہ طلب کر لیا ہے ۔

۔۔اعجاز خان
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات