مبینہ روسی ایجنٹ نے ملازمت کے لیے سیکس کی پیشکش کی،امریکی حکام

ماریا بوتینا کے روسی خفیہ اداروں کے ساتھ تعلقات کے باعث ان کے فرار ہونے کا خطرہ ہے،جج کے ریمارکس

جمعرات 19 جولائی 2018 17:04

مبینہ روسی ایجنٹ نے ملازمت کے لیے سیکس کی پیشکش کی،امریکی حکام
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) امریکی حکام نے کہاہے کہ ایک مبینہ روسی ایجنٹ نے امریکی سپیشل انٹرسٹ آرگنائزیشن میں ملازمت کے لیے سیکس کی پیشکش کی تھی، اسی ادارے کو اس نے نشانہ بھی بنایا تھا،میڈیارپورٹس کے مطابق وفاقی جج نے فیصلہ سنایا کہ ماریا بوتینا کے روسی خفیہ اداروں کے ساتھ تعلقات کے باعث ان کے فرار ہونے کا خطرہ ہے، اس لیے انھیں مقدمے تک حراست میں رکھا جائے گا۔

ماریا بوتینا کے وکیل کا کہنا تھا کہ وہ امریکی حکومت کے ساتھ کئی ماہ سے تعاون کر رہی تھیں۔اس الزام کا تعلق اس تفتیش سے نہیں ہے جو سنہ 2016 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے بارے میں جاری ہے۔امریکی مجسٹریٹ جج ڈیبوراہ رابن سن نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ حکومت یہ ثابت کر چکی ہے کہ انھیں رہا نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ٹرائل کے لیے ان کے دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کی کوئی ضمانت نہیں۔

(جاری ہے)

بوتینا پر خود کو امریکی حکومت کے پاس غیر ملکی ایجنٹ رجسٹر نہ کروانے اور امریکی حکومت کے خلاف سازش کرنے کا الزام ہے۔ ان پر جاسوسی کا الزام نہیں لگایا گیا ہے۔ عدالتی کارروائی کے دوران کہا گیا ہے کہ بوتینا ایک 56 سالہ امریکی شخص کے ساتھ رہتی تھیں جن کا نام تو ظاہر نہیں کیا گیا تاہم انھیں دستاویزات میں یو ایس پرسن1 کہا گیا ہے، جن کے ساتھ ان کے نجی تعلقات تھے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق لیکن ان تعلقات کا امریکہ سے کوئی تعلق نہیں ملتا ہے کیونکہ بوتینا بظاہر اسے اپنی سرگرمیوں کے لیے ضروری پہلو کے طور پر دیکھتی تھیں۔پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا نہیں لگتا کہ وہ اپنی وابستگی کو سنجیدگی سے لیتی تھیں کیونکہ کم از کم ایک موقع پر بوتینا نے یو ایس پرسن1 کے علاوہ کسی اور شخص کو سپیشل انٹرسٹ آرگنائزیشن میں ملازمت کے بدلے میں سیکس کی پیشکش کی تھی۔

دستاویزات میں کسی تنظیم کا نام تو نہیں لیا گیا لیکن بوتینا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نیشنل رائفل ایسوسی ایشن (این آر ای) کی تقریبات کو دیکھا جا سکتا ہے۔روس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ کہ بوتینا کی گرفتاری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ملاقات کے مثبت نتائج کو کمزور کرنے کے لیے عمل میں لائی گئی۔