صعدہ میں باقم ڈیم،العبد پہاڑوں پر یمنی فوج کا کنٹرول،

تازہ لڑائی میں 30 حوثی ہلاک ْ باغیوں کے خلاف صعدہ میں کارروائی کے لیے عرب فوج کی براہ راست مدد حاصل ہے،یمنی بریگیڈئیر

جمعرات 19 جولائی 2018 17:04

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) یمن کی سرکاری فوج نے باغیوں کے گڑھ سمجھے جانے والی صعدہ گورنری میں باقم ڈیل اور العبد پہاڑی سلسلے سے حوثی باغیوں کو نکال باہر کرنے کے بعد وہاں پر یمن کا سرکاری پرچم لہرا دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمن کی سرکاری فوج نے صعدہ میں اہم پیش قدمی کرتے ہوئے باقم ڈیم اور العبد پہاڑوں سے باغیوں کو نکال باہر کیا۔

صعدہ میں جاری لڑائی کے دوران سرکاری فوج اور اتحادی فوج کے حملوں میں کم سے کم 30 حوثی جنگجو ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔یمن فوج کے برگیٰڈ 102 کے سربراہ بریگیڈیئر یاسر الحارثی نے کہا کہ یمن کی سرکاری فوج کو باغیوں کے خلاف صعدہ میں کارروائی کے لیے عرب فوج کی براہ راست مدد حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری فوج باقم ڈاریکٹوریٹ اور صعدہ گورنری کے مرکز کی طرف تیزی کے ساتھ پیش قدمی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ باقم ڈیم اور العبد پہاڑوں پر موجود باغیوں کو نکال باہر کرنے کے لیے آپریشن ایک ہفتہ قبل شروع کیا گیا تھا۔ اس آپریشن میں عرب اتحادی فوج کی طرف سے بھرپور لاجسٹک سپورٹ مہیا کی گئی تھی۔بریگیڈیئر الحارثی کا کہنا تھا کہ العبد پہاڑوں کا کنٹرول حاصل کرنا صعدہ سے باغیوں کو نکال باہر کرنے کے لیے پہلا ہدف تھا۔ سرکاری فوج نے العبد پہاڑوں، الوسط اور مزھر قصبے سے بھی باغیوں کو نکال باہر کیا ہے۔ اس دوران سرکاری فوج نے 350 میٹر پر پھیلا باقم ڈیم بھی باغیوں سے واپس لے لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :