قومی معیشت کے استحکام میں کاروباری افراد بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں، گورنرسندھ

معاشی شہر رگ کراچی کے مشکل حالات میں بھی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں جس سے قومی معیشت کو استحکام حاصل رہا،محمد زبیر سماجی سرگرمیوں میں اضافہ میں کاروباری افراد کا اہم کردار ہے ،آل کراچی جیولرز اینڈ مینو فیکچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات

جمعرات 19 جولائی 2018 18:05

قومی معیشت کے استحکام میں کاروباری افراد بھرپور تعاون فراہم کررہے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ قومی معیشت کے استحکام میں صنعت کار ، تاجر اور کاروباری افراد بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں، کاروباری افراد نے کراچی کے مشکل حالات میں بھی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں جس سے قومی معیشت کو استحکام حاصل رہا اس ضمن میںآل کراچی جیولرز اینڈ مینو فیکچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن سماجی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے اپنی کاروباری سرگرمیوں کے ذریعہ اہم قومی خدمت انجام دے رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنرہائوس میں آل کراچی جیولرز اینڈ مینو فیکچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حسین قریشی کی سربراہی میں آنے والے 30 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفدمیں سیکریٹری جنرل راشد علی شاہ ، ذیشان اختر ، محمد یاسین ، حاجی فرید داد ، ارشاد علی اور حاجی ندیم خان سمیت دیگر اراکین شامل تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں امن و امان ،قومی معیشت، کاروباری سرگرمیاں ، جرائم کی روک تھام میں اٹھائے گئے اقدامات ،عام انتخابات میں کاروباری افراد کے کردار ، آئندہ منتخب حکومت سے تاجر برادری کی توقعات ، گذشتہ حکومت کے اقدامات با الخصوص کراچی میں امن امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ اور قومی معیشت کے استحکام سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ پاکستا ن کی معاشی شہ رگ کراچی قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والا سرفہرست شہر ہے جہاں کی سرگرمیوں کا اثر پورے ملک پر پڑتا ہے ،2013 ء میں اقتصادی حب کراچی سمیت پورے ملک کے حالات انتہائی خراب اور توانائی کا بحران کے باعث قومی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہور ہے تھے لیکن گذشتہ حکومت نے شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کے بعد جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق و دبائو آپریشن کیا جس میں پاک فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ کاروباری افراد نے بھرپور ساتھ دیا ،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثل قربانیاں دے کر شہر کو پر امن بنادیا ہے جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے میگا پروجیکٹس شروع کئے جن کی تکمیل کے ساتھ ساتھ نیشنل گرڈ میں بجلی تسلسل سے آرہی ہے ،امن و امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ اور معاشی پالیسی کے باعث قومی معیشت کو استحکام حاصل ہوا ، آج پر شعبوں سے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے مقابلہ میں آج کا پاکستان پر امن اور ترقی کی سمت گامزن ہے با الخصوص معاشی شہ رگ کراچی میں معاشی ، اقتصادی ، کاروباری ، سماجی ، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے جہاں پر رات گئے تک سرگرمیاں جاری رہتی ہیں اس کا سارا کریڈٹ گذشتہ حکومت کے سر جاتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام کے بعد اغوا ء برائے تاوان ، ٹارگٹ کلنگ ، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو گیا ہے ، شہر سے اسٹریٹ کرائمز کی روک تھا م کے لئے حکومت بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے جیولرز اپنی مہارت اور نت نئے ڈیزائن کے باعث منفردمقام رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ شہر سمیت پورے ملک سے لوگ جیولری کا سامان خریدنے کے لئے کراچی کا رخ کرتے ہیں جو ان کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، حکومت شہر میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید پروان چڑھانے کے لئے تاجربرادری کے تعاون سے مزید اقدامات یقینی بنارہی ہے آج کا تاجر زیادہ محفوظ اور منافع بخش کاروباری سرگرمی سے وابستہ ہے ۔

گورنرمحمد زبیر نے کہا کہ عام انتخابات ہماری قومی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے ، عام آدمی سے زیادہ کاروباری افراد پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قومی ترقی کی وژنری قیادت کے انتخابات میں لوگوں کو آگاہ کریں اور ایسی قیادت کا انتخاب عمل میں لائیں جس سے پالیسیوں کا تسلسل جاری اور قومی ترقی میں مزید اضافہ ہو سکے ۔ ملاقات میں وفد نے گورنرسندھ محمد زبیر کے بڑے بھائی طارق عمر کے انتقال پر تعزیت کا اظہا ر کرتے ہوئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔

ایسوسی ایشن کے صدر حسین قریشی نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کے قیام اور توانائی بحران کے خاتمہ سے شہر میں کاروباری سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے شہر میں دیگر کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ جیولرز کا کاروبار بھی مسلسل بڑھ رہا ہے جس سے اس کاروبار سے وابستہ افراد مزید سرمایہ بھی لگارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کے خاتمہ کے بعد کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسی ، قومی ترقی و ضروریات اور عالمی معاشی نقشہ پر پاکستان کو نمایاں مقام دلانے کے لئے وژنری قیادت کا انتخاب وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔