اہل و یانتدار قیادت کے فقدان کی وجہ سے عوام پانی، بجلی، صحت سمیت بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں،اسد اللہ بھٹو

جمعرات 19 جولائی 2018 18:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنماء اور این اے 242پر نامزد امیدوار اسداللہ بھٹونے کہا ہے کہ اہل و یانتدار قیادت کے فقدان کی وجہ سے کراچی تا کشمور سندھ کے عوام پانی، بجلی، صحت سمیت بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ پیپلز پارٹی 10 سال سے مسلسل اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی۔

اب ایک بار پھر عوام کو سبز باغ و جھوٹے وعدے کیے جارہے ہیںایسی قیادت سے کسی خیر کی امید عبس ہے۔ عوام 25 جولائی کو اپنی و ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے کتاب کو کامیاب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب سچل گوٹھ میں دفتر کا افتتاح اور گلزار ہجری میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ایس 100 امیدوار محمد یونس بارائی، جے یو آئی کے رہنماء اسماعیل پنہور مقامی ذمہ داران بچل سومرو ، سکندر علی دھامراہ بھی ساتھ موجود تھے۔

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیکر اقتدار میں پہنچایا مگر بدلے میں ان کو بھوک و افلاس مہنگائی اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔ ان کے اپنے بینک بیلنس میں تو اضافہ ہوتا گیا مگر غریب کارکن آج بھی دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہے۔اسلئے عوام اس بار جاگیردار ٹولہ کے دھوکے میں نہ آئے اس بار صرف دیانتدار قیادت کو ووٹ دیکر اپنی قسمت کو بدلا جائے ۔