سیاست میں ذاتی مفادکیلئے نہیں صرف عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آیا ہوں، آصف باجوہ

جمعرات 19 جولائی 2018 18:15

سیاست میں ذاتی مفادکیلئے نہیں صرف عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آیا ہوں، ..
لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکرٹری ، اولمپین اور حلقہ این اے 74پسرور سے آزاد امیدوارمحمد آصف باجوہ نے کہا ہے کہ حلقہ میں تمام برادریاں اور اہم سیاسی راہنما میرا ساتھ دے رہے ہیں اور انشاء اللہ الیکشن میں فتح حاصل کروں گا ۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ساتھ 2 سال تک کام کیا لیکن مجھے ٹکٹ نہ دے کر حق تلفی کی گئی۔

اس ٖفیصلے سے پی ٹی آئی کے ووٹرز ،عہدیدران بھی سخت نالاںہیں اور انہوں نے میرا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی اور مختلف برادریوں کے سرکردہ راہنمائوں کی سپورٹ کی وجہ سے میں آزاد الیکشن لڑ رہا ہوںاور اللہ کے فضل سے کامیاب ہوں گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جیتنے کے بعد حلقہ کے عوام کی مشاورت سے کسی پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کروں گا ۔

(جاری ہے)

آصف باجوہ نے کہا کہ حلقہ میں بہت سے مسائل ہیں ،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،اعلی تعلیم کے لئے طالب علموں کو دور دراز کا سفر کرنا پڑتا ہے جبکہ دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی میری اولین ترجیح ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ہاکی میں بھی ملک کا نام روشن کیا ہے اور انشاء اللہ سیاست میں بھی کامیابی حاصل کرکے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائوں گا ۔

آصف باجوہ نے کہاکہ سیاست میں کسی غرض یا مطلب کی وجہ سے نہیں آیا بلکہ صرف اور صرف عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آیا ہوں ۔میری جیت کے بعدحلقہ میں بہت بہتری نظر آئے گی ۔کرپشن کا خاتمہ ہوگا ،ہر فیصلہ میرٹ پر ہوگا کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی ۔واضح رہے کہ اس حلقہ سے میرے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدواران غلام عباس اور ن لیگ کے امیدوار علی زاہد ہیں ۔