سیز فائرلائن کے دونوں جانب کشمیری الحاق پاکستان منارہے ہیں،راجہ محمد فاروق حیدرخان

’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘سیز فائرلائن کے دونوں جانب سب سے مقبول نعرہ ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر قائداعظم کے پاکستان سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے۔ہندوستان کی جانب سے تمام تر حربے آزمانے اوربہیمانہ قتل عام پاکستانیت کو ختم نہیں کرسکا،کشمیری کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب

جمعرات 19 جولائی 2018 18:37

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آج سیز فائرلائن کے دونوں جانب کشمیری الحاق پاکستان منارہے ہیں۔کشمیر بنے گا پاکستان سیز فائرلائن کے دونوں جانب سب سے مقبول نعرہ ہے۔مقبوضہ وادی کے اندر بسنے والوں نے اس سفر کی تکمیل کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔

صرف جموں میں اڑھائی لاکھ لوگوں کو پاکستان کی محبت کے جرم میں قتل کیا گیا۔مقبوضہ وادی کی پاکستان سے محبت پر ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔پاکستان ہماری امیدوں امنگوں کا مرکز ہے۔پاکستان کی مٹی کی خوشبو سے محبت میں جانیں نچھاورکرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔قائداعظم کے پاکستان سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان کی جانب سے تمام تر حربے آزمانے اوربہیمانہ قتل عام پاکستانیت کو ختم نہیں کرسکا۔

آزادکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور انہیں بااختیار بنانے کیلیے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ اپنے مقدسرشتے کو ہمیشہ سب سے مقدم رکھا اور کبھی حرف نہیں آنے دیا۔ پاکستان کی افواج کشمیریوں کی محافظ ہیں جبکہ ہندوستانی افواج قابض اور جارح ہیں۔کشمیر کے عوام اور ساری سیاسی قوتوں میں پاکستان سے محبت اور الحاق کے معاملے پر مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار کشمیری کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ 19جولائی کا دن تاریخ ساز دن ہے کیونکہ اس تاریخی دن کشمیریوں نے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کا تعین کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 19 جولائی کو قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے کشمیری عوام نے اپنی قسمت پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا جو تاریخ ساز فیصلہ کیا تھا وہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے اور کشمیر یوں کو ان کا بنیادی حق ، حق خوداردیت ضرور ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض میں الحاق پاکستان کا دن منایا جا رہا ہے جو پاکستان کے ساتھ ہمارے اٹوٹ تعلق کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اعلیٰ قیادت کے تاریخ ساز فیصلے نے جدو جہد آزادی کا رخ جس منزل کی طرف موڑا تھا اسی عظیم مقصد کے حصول کیلئے آج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارت کی 8لاکھ سے زائد فوج کے آگے سینہ سپر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج سے سات دھائیوں قبل کشمیریوں نے اپنی منزل کا تعین کر دیاتھا اور اس منزل کے حصول کیلئے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے کشمیریوں کی جس منزل کا تعین کیا تھا وہ انشاء اللہ حاصل کر کے رہیں گے۔ ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں جو کشمیریوں کی مرضی کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم سے وارفتگی کی حد تک محبت ہمارے خون میں شامل ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت کم نہیں کر سکتی۔

کشمیریوں کہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور بھارت کو جلد یا بدیر مقبوضہ کشمیر چھوڑنا ہو گا۔اس موقع پر وزیراعظم نے تحریک آزادی میں جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے عظیم کشمیریوں کو شاندار الفاظ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بسنے والے کشمیری پاکستان کا پہلا دفاعی حصار ہیں یہ وطن عزیز کی محبت ہے جس کو دل میں بسائے وہ ہر ظلم جبر و زیادتی کے سامنے سینہ سپر ہیں انشاء اللہ وہ وقت جلد آئیگا جب ہم پاکستان کا باضابطہ حصہ بنیں گے ہم اور ہمارے آباء اس کے لیے سترسالوں سے منتظر ہیں 1944 سے لیکر اب تک کشمیریوں نے پاکستان کو ہی اپنی منزل گردانا ہے اور اس کے حصول تک وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔