آزادی پسند کارکن حسن ملک کی دوران حراست وفات کیخلاف کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند کشمیریوں کی بھوک ہڑتال

جمعرات 19 جولائی 2018 18:37

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے رہائشی آزادی پسند کارکن 70سالہ غلام حسن ملک المعروف نور خان کی جموں خطے کی کوٹ بھلوال جیل میں غیر قانونی نظر بندی کے دوران بیماری کے باعث میڈیکل کالج جموں میںانتقال کے خلاف جیل میں نظر بند دیگر کشمیریوں نے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام حسن ملک کو 22/جنوری 2018ء کو بارہ مولہ تھانے میں طلب کرکے 7دن تک حبس بے جا میں رکھا گیا تھا ۔

اس دوران انکے خلاف ایک جھوٹا مقدمہ قائم کر کے ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا جس کے بعدانہیں پہلے سینٹرل جیل سرینگر اور اسکے بعد کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا گیا۔ کوٹ بھلوال جیل میں ان کی صحت بُری طرح سے گر گئی لیکن انتظامیہ نے انکا علا ج جنہیں کرایا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں حالت زیادہ بگڑ جانے کے بعد انہیں جموں میڈیکل کالج منتقل کیا گیا جہاں منگل کے روز وہ خالق حقیقی سے جاملے۔

دریں اثنا مسلم لیگ جموںوکشمیر کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے علاوہ کشمیرہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم سے اپیل کی ہے کہ و ہ نظربندوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کیلئے جیلوں کا دورہ کریں۔

متعلقہ عنوان :