پنجاب پولیس اور پاک نیوی کے مابین پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسٹیشن کمانڈر نیوی لاہور ڈاکٹر ایس ایم شہزاد کی آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام سے ملاقات

جمعرات 19 جولائی 2018 18:48

پنجاب پولیس اور پاک نیوی کے مابین پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) اسٹیشن کمانڈر نیوی لاہور ڈاکٹر ایس ایم شہزاد نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام سے ملاقات کی ۔ دوران ملاقات سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور زیر بحث آئے جبکہ پنجاب پولیس اور پاک نیوی کے مابین پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ایس ایم شہزاد نے پنجاب پولیس کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف جدید پراجیکٹس کومعائنہ کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس نے جس موثرانداز میں آئی ٹی کے استعمال سے اپنے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے وہ ملک کی دیگرپولیس فورسز کیلئے روشن مثال ہے ۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے جدید اصولوں کے مطابق صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہمہ تن مصروف عمل ہے ۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ملکی سیکیورٹی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے پنجاب پولیس اور پاک نیوی کے مابین انفارمیشن شئیرنگ کے علاوہ باہمی اشتراک سے فورس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مشترکہ تربیتی پروگرامز کے حوالے سے جلد پلاننگ کی جائے گی۔ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے اسٹیشن کمانڈر نیوی لاہور ڈاکٹر ایس ایم شہزاد کو پنجاب پولیس کااعزازی سووینئیر پیش کیا جبکہ ڈاکٹر ایس ایم شہزادنے بھی آئی جی پنجاب کو پاک نیوی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی ۔