کراچی ،درخشاں پولیس کی کارروائی ،بچے کے اغوا میں ملوث ملزم گرفتار

ملزم واردات کے بعد کراچی سے فرار ہو کر بلوچستان روپوش ہو گیا تھا ،ڈی آئی جی ساؤتھ کی پریس کانفرنس

جمعرات 19 جولائی 2018 18:48

کراچی ،درخشاں پولیس کی کارروائی ،بچے کے اغوا میں ملوث ملزم گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) درخشاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کے اغواء میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ اغواء ہونے والے بچے کے والد کا ڈرائیور اس کارروائی میں سہولت کار تھا ۔ یہ بات ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے جمعرات کو اپنے ساؤتھ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار اغو کاروںنے اپنے 2ہلاک ساتھیوں کے ہمراہ 24 اپریل کو ڈیفنس فیز 8 خیابان طارق سے تاجر سید عمر احمد اور5 سالہ بیٹے شاہ ویز احمد کو اس وقت اغوا کار کرلیاجب وہ اپنے بیٹے کو صبح 8بجے گھر سے اسکول چھوڑنے کے لیے اپنی گاڑی میں سوار ہوئے تھے کہ اسی دوران اغوا کار سید عمر احمد اور ان کے کمسن بچے سید شاہ ویز کو گاڑی سمیت اغوا کیا اور اسی دوران مغوی سید شاہ ویز احمد کو دوسری گاڑی میں منتقل کیا اور اس کے والد کو بچے کی رہائی کے لیے 15 کروڑ روپے تاوان وصول کرنے کی غرض سے اغواء کیا تھا ۔

(جاری ہے)

درخشاں پولیس نے دوران گشت اشتہاری مفرور ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈیفنس کے علاقے بدر کمرشل سے مقدمے میں نامزد ملزم ممتاز ولد محمد عارف کو گرفتار کر لیا ۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اغواء کاروں کا ماسٹر مائنڈ ہے جس نے پانچ سالہ بچہ شاہ ویز ولد عمر احمد کو اسکول جاتے ہوئے اغواء کیا تھا ۔ اس کے دو ساتھی ندیم عرف مدنی ولد محمد اسلم اور شاہد ولد منظور احمد پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے جبکہ اس کے تین ساتھی اغوا کار محمدسجاد ولد ظفر اقبال،محمد حسنین ولد دفد حسین اور شرافت علی عرف سونو ولد خالد بھٹی گرفتار ہو چکے ہیں ۔

ملزم واردات کے بعد کراچی سے فرار ہو کر بلوچستان روپوش ہو گیا تھا ۔ کچھ عرصہ قبل ہی کراچی آیا تھا ۔ اس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ ملزم پیشے کے لحاظ سے گاڑی مکینک ہے اور اسنے انکشاف کیا کہ بچے کے اغواء کا منصوبہ میں نے ترتیب دیا تھا جبکہ اغواء کار بچے کے والد کا ڈرائیور اس کارروائی میں سہولت کار کا کردار ادا کیا ۔ ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ اے وی سی سی نے مذکورہ واردات کا مقدمہ 43/2018 اور 46/18 زیر دفعہ 365 اے ، 353/324/34 غیر قانونی اسلحہ ایکٹ کے تحت ساحل تھانے میں درج کیا گیا ۔ ملزم کو مذکورہ مقدمے میں گرفتاری ڈال کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔ مقدمے میں دیگر مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا ۔