مستونگ خودکش حملہ آور کی شناخت کرلی گئی، آئی جی بلوچستان

دہشت گردی کا واقعہ داعش کی کارروائی ہے، حملہ آور کا نام حافظ نواز ،تعلق ایبٹ آباد سے تھا، آئی جی بلوچستان کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کو بریفنگ

جمعرات 19 جولائی 2018 18:58

مستونگ خودکش حملہ آور کی شناخت کرلی گئی، آئی جی بلوچستان
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہاہے کہ مستونگ میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کی شناخت کرلی ہے۔یہ بات انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو جمعرات کے روزبریفنگ کے دوران بتائی ،آئی جی بلوچستان نے کہاہے کہ مستونگ میں دہشت گردی کا واقعہ داعش کی کارروائی ہے اور خودکش حملہ آور کا نام حافظ نواز ہے اور اس کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق آئی جی بلوچستان کے مطابق خودکش حملہ آور ایبٹ آباد سے سندھ گیا جہاں وہ کالعدم تنظیموں سے رابطے میں رہا اور وہ لشکر جھنگوی میں بھی رہا جب کہ حملہ آور کے سہولت کاروں کا بھی پتہ چلا لیا گیا ہے۔آئی جی بلوچستان نے کہا کہ مفتی حیدر اور حافظ نعیم داعش کے مقامی کمانڈر ہیں جنہیں گرفتار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

مستونگ میں خودکش دھماکا، بی اے پی امیدوار سراج رئیسانی سمیت 128 سے زائد افراد شہیدہوئے تھے ،آئی جی بلوچستان نے بریفنگ کے دوران مزید بتایا کہ افغانستان میں داعش نے کنٹرول سنبھال لیا ہے جہاں سے وہ بلوچستان بھی آگئے ہے۔

یاد رہے کہ 13 جولائی کوضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی تحریک کی انتخابی مہم میں خودکش حملے کے نتیجے میں نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 149 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔