عام انتخابات: ملک بھر میں20 ہزار پولنگ سٹیشن حساس قرار

16لاکھ افراد ڈیوٹی سرانجام دیں گے، ساڑھے چار لاکھ پولیس،تین لاکھ فوج کے جوان سیکورٹی پر مامور ہوں گے ، سیکرٹری الیکشن کمیشن

جمعرات 19 جولائی 2018 19:48

عام انتخابات: ملک بھر میں20 ہزار پولنگ سٹیشن حساس قرار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں ملک بھر میں 20ہزار پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیتے ہوئے نیکٹا کی رپورٹ پر عملدرآمد شروع کردیا ہے،اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ نیکٹا کے سربراہ سے ملک بھر میں الیکشن کے انعقاد پر تفصیلی بریفنگ لی گئی،جس میں انہوں نے عام انتخابات کیلئے پاک فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا۔

الیکشن کے موقع پر مجموعی طور پر 16لاکھ افراد ڈیوٹی سرانجام دیں گے،جن میں ساڑھے چار لاکھ پولیس،تین لاکھ فوج کے جوان سیکورٹی پر مامور ہوں گے اور فوج پولنگ اسٹشینز پر پریزائیڈنگ آفیسرز کے ماتحت کام کریں گے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے مزید کہا کہ یہ غلط ہے کہ فوج آزاد حیثیت میں کام کرے گی۔

(جاری ہے)

فوج الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے گی،ہمارے سٹاف کو بلوچستان میں اچھی سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں،کیونکہ گزشتہ انتخابات میں ہمارے ایک افسر کو شہید کیا گیا تھا اور حساس قرار پانے والے 20ہزار کے قریب پولنگ اسٹیشنز کی نگرانی نہ صرف بہتر سے بہترین بنائی جائے گی بلکہ اس کی مانیٹرنگ بھی مسلسل ہوگی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور ہم صوبوں سے درخواست کرچکے ہیں کہ پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں تاکہ انتخابی عمل کی شفافیت کو مزید بہتر بنایا جاسکے اور پاک فوج کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کیلئے ہماری حمایت کا اعلان کیا ہے اور ملک کے کچھ حصوں میں عملے کو تھریٹ کیا جاتا ہے کہ وہ الیکشن میں حصہ نہ لیں لیکن اس قومی فریضے کی ادائیگی کیلئے پرامن رہتے ہوئے الیکشن کا انعقاد کیا جائے گا۔