ایم کیو ایم کے طاہر حسین مشہدی مسلم لیگ (ن) کے قافلے میں شامل ہوگئے

نواز شریف کی جدوجہد کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگیا ہوں، مشہدی

جمعرات 19 جولائی 2018 19:54

ایم کیو ایم کے طاہر حسین مشہدی مسلم لیگ (ن) کے قافلے میں شامل ہوگئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) ایم کیو ایم کے سینئر رہنما طاہر حسین مشہدی نے ایم کیو ایم کے ساتھ اپنی طویل رفاقت ختم کرکے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جدوجہد کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگیا ہوں ۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے سینئر رہنما طاہر حسین مشہدی نے لاہور میں جمعرات کے روزمرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ہونے والی انسداد دھاندلی اور مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا ورکرز اور پولنگ ایجنٹس کے کنونشن میں شرکت کے دوران اپنے ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جدوجہد اور کوششوں کو دیکھ کر میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہورہا ہوں اس دوران طاہر حسین مشہدی نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑا ہوں انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں منشیات ، پیسے اور لوٹوں کا کلچر نہیں چاہیے۔

(جاری ہے)

ہمیں نواز شریف کی طرح کا بہادر لیڈر چاہیے اور انہوں نے جس طرح کی بہادری دکھائی ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ انہوںنے کہا کہ جس طرح مادر ملت فاطمہ جناح اپنے بھائی کے ساتھ چلتی تھیں اسی طرح مریم نواز اپنے والد کے ساتھ چل رہی ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے طاہر مشہدی کو مسلم لیگ میں خوش آمدید کہا اور اپنی جماعت میں شمولیت پر خیر مقدم کیا یاد رہے طاہر حسین مشہدی ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر بھی رہ چکے ہیں