حکومت سندھ کے احکامات پر کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن بلدیہ عظمیٰ ایڈمنسٹریٹر تعینات

جمعرات 19 جولائی 2018 19:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) حکومت سندھ کے حکم نامے کے تحت میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا گیا۔ حکومت سندھ نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی معطلی کے بعد اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنرز اور میٹرو پولیٹن کمشنر کو بلدیاتی اداروں کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو تعلقہ ٹاؤن کمیٹیوں، ڈپٹی کمشنرز کو ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور کمشنرز کو میٹرو پولیٹن کارپوریشنز کا ایڈمنسٹریٹر بنا دیا گیا ہے۔

حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنرز کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ڈی سی ملیر کے پاس ڈی ایم سی ملیر کے علاوہ ڈسٹرکٹ کونسل کے ایڈمنسٹریٹر کا بھی چارج ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کے پاس یہ چارج 25 جولائی تک ہوگا۔ 26 جولائی کے بعد منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیں گے۔ حکومت سندھ نے الیکشن کمیشن ا?ف پاکستان کے نوٹیفکیشن نمبر Cord-2018/(3)F2 بتاریخ 10 جولائی کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹرو پولیٹن کمشنر کو وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری سے 25 جولائی 2018ئ تک کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا ہے۔

حکم نامے کے تحت میٹروپولیٹن کمشنر بلدیہ عظمیٰ ڈاکٹر سید سیف الرحمن بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے میئر کراچی کو تفویض کردہ فرائض انجام دیں گے۔#