ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلرز بلال لودھی اور ارشاد کو 22جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

جمعرات 19 جولائی 2018 20:32

ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلرز بلال لودھی اور ارشاد کو 22جولائی تک جسمانی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلرز بلال لودھی اور ارشاد کو 22جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔جمعرات کو پولیس نے ملزمان بلال لودھی اور ارشاد کو انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے روبرو پیش کیا ۔پولیس کے مطابق خفیہ اطلاعات پر حساس اداروں کے مشترکہ آپریشن سے ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم (لندن)ساوتھ افریقہ نیٹ ورک سے ہے ۔ملزمان نے حریف جماعتوں کے امیدواروں کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کر رکھی ۔ملزمان الیکشن سے قبل کراچی کا امن سبوتاژ کرنا چاہتے تھے۔ایم کیو ایم لندن ساوتھ افریقہ نیٹ ورک کی جانب سے اس حوالے سے ٹارگٹ کلنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ملزمان ابتدائی تفتیش میں اعلی قیادت کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ کے احکامات موصول ہونے کا اعتراف کر چکے ہیں ۔

ملزمان کو ابتدائی طور پر پی ایس 128 پاکستان مسلم لیگ ن کے محسن جاوید،پیپلزپارٹی کے عارف حسین کی ٹارگٹ کلنگ کے احکامات ملے تھے جبکہ پی ایس پی گلبہار کے ذمہ داران معین اور اظہر کو ٹارگٹ کرنے کے احکامات بھی تھے۔ملزمان نے ان امیدواروں کی ٹارگٹ کلنگ کے لئے مکمل ریکی کی تھی۔ملزمان کو اسلحہ ایم کیو ایم لندن کی جانب سے فراہم کر دیا گیا تھا۔ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ملزمان سے تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 22جولائی تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔