الیکشن کمیشن کی شناختی کارڈ کےجلد اجراء کیلئےنادرا کوہدایت

نادرا تمام شہریوں کے شناختی کااجراء 24 جولائی تک یقینی بنائے،25 جولائی تک تمام شہریوں کے پاس شناختی کارڈز لازمی ہونا چاہیے۔ میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 19 جولائی 2018 18:46

الیکشن کمیشن کی شناختی کارڈ کےجلد اجراء کیلئےنادرا کوہدایت
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 جولائی 2018ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شناختی کارڈ کے اجراء سے متعلق نادرا کوہدایات جاری کردی ہیں،نادرا تمام شہریوں کے شناختی کااجراء 24 جولائی تک یقینی بنائے،25 جولائی تک تمام شہریوں کے پاس شناختی کارڈز لازمی ہونا چاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نادرا کو ہدایت کی ہے کہ 25 جولائی تک تمام شہریوں کے پاس شناختی کارڈز لازمی ہونا چاہیے۔

نادرا تمام شہریوں کے شناختی کااجراء 24 جولائی تک یقینی بنائے۔الیکشن حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ شہریوں کے گمشدہ شناختی کارڈ کی درخواستیں جلد نمٹائی جائیں۔نیا کارڈ جاری ہونے تک درخواستوں کے ساتھ پرانا شناختی کارڈ ضبط نہ کیا جائے۔ اسی طرح 25 جولائی بروز بدھ کو ملک بھر میں منعقد ہونے والے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام رجسٹرڈ ووٹرز کو ان کے ووٹ کے بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور کہا ہے کہ کوئی بھی ووٹر اپنا شناختی کارڈ نمبر بذریعہ ایس ایم ایس 8300پر بھیج کر تمام معلومات حاصل کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایاکہ الیکشن کمیشن نے ووٹر ز کی سہولت کی غرض سے انتہائی اہم اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت کوئی بھی ووٹر موبائل فون میسج سروس کے ذریعے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر الیکشن کمیشن کے متعلقہ نمبر 8300پر سینڈ کر سکتا ہے ۔انہوںنے اے پی پی کو بتایا کہ میسیج موصول ہوتے ہی الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے متعلقہ ووٹر کو فوری طور پر جوابی ایس ایم ایس موصول ہو گا جس میں اس کے قومی شناختی کارڈ نمبر کے حوالے سے درج ووٹ کے سلسلہ نمبر ، شماریاتی بلاک کوڈ ،انتخابی علاقہ ، پولنگ سٹیشن وغیرہ کے بارے میں مفصل معلومات فراہم کر دی جائیں گی اور وہ پولنگ کے موقع پر اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشن پر جاکر یہ میسیج دکھاتے ہوئے آسانی سے اپنا ووٹ کاسٹ کر سکے گا۔

انہوںنے بتایا کہ اس آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ سروس 25جولائی کو انتخابی عمل کے اختتام تک جاری رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے تمام رجسٹرڈ ووٹرز کو یہ معلوماتی ایس ایم ایس ارسال کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے او ربار بار ووٹرز کو اس سلسلہ میں شعور و آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ الیکشن کے روز پولنگ سٹیشنوں پر پہنچ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔