حریت رہنما یوسف نقاش اور جاوید میر کی طرف سے شہید نوجوان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی

جمعرات 19 جولائی 2018 21:09

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش اور جاوید احمد میر شہید کشمیری نوجوان عبدا حمد لون کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیلئے سوپور کے علاقے نادی ہل گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف نقاش اور جاوید احمد میر نے اس موقع پر کہاکہ مقبوضہ علاقے میں جاری خونریزی کا بھارت ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی بیش قیمت قربانیوں کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا اور جو قوم اپنی جدوجہد آزادی کیلئے ایسی بے مثال قربانیاں دے رہی ہو ان کو اپنا پیدائشی حق، حق خودارادیت حاصل کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے عام شہریوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کا سخت نوٹس لے اورمقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔

(جاری ہے)

یوسف نقاش اورجاوید میر نے شوپیان میں بھارتی فورسز کے اہلکاروںکی طرف سے چھاپوں، گرفتاریوں اور عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور املاک کو نقصان پہنچانے کی ظالمانہ کاروائی کی شدیدمذمت کی۔حریت رہنمائوںنے دوران حراست ستر سالہ حریت پسند غلام حسن ملک کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔