کشمیریوں نے یوم الحاق پاکستان منایا، بھارتی فوج کے ہاتھوں ہندواڑہ میں ایک نوجوان شہید

جمعرات 19 جولائی 2018 21:09

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھرمیں مقیم کشمیریوںنے یوم الحاق پاکستان بھارتی تسلط سے آزادی اور جموں وکشمیر کے پاکستان کے ساتھ مکمل انضمام تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کے ساتھ منایا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 1947میں 19جولائی کے دن کشمیریوں نے آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے سرینگر میں ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں تقسیم ہندکے منصوبے ، دو قومی نظریے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق جموںوکشمیر کی ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا مطالبہ کیاگیاتھا۔

جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار اور جموںوکشمیر مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ 19جولائی کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے کیونکہ ستر برس قبل اس روز کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ ایک گول میز کانفرنس کے مقررین نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قراردادپاس کر کے جموں وکشمیر کے مستقبل کے بارے میں اپنی خواہشات کا احساسات کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری صرف اپنی آزادی کیلئے نہیں بلکہ تکمیل پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ادھربھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ہندواڑہ قصبے میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ۔نوجوان کو قصبے کے علاقے بٹ پورہ ماگام میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیاگیا۔جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند کشمیریوں نے اپنے ساتھی آزادی پسند کارکن غلام حسن ملک کی وفات کے بعد بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے، غلام حسن ملک شدید علالت کے باوجود جیل انتظامیہ کی طرف سے طبی امداد فراہم نہ کرنے کے باعث وفات پا گئے تھے۔

حریت رہنمائوں اور تنظیموں محمد اشرف صحرائی ، محمد یاسین ملک، محمد یاسین عطائی، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر اور کشمیر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے غلام حسن ملک کی وفات پرگہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔برسلز میں یورپین پارلیمنٹ نے تنازعہ کشمیر کی ستر سالہ تاریخ ، جنوبی ایشیاء پر اسکے منفی اثرات ، اقوام متحدہ کی قراردادوں ،بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے کشمیری عوام کی جدوجہد اور بھارتی فوجیوں کی طر ف سے مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی پامالیوںکے بار ے میں ایک تازہ دستاویز جاری کی ہے ۔

’’کشمیر:تنازعے کے ستر سال ‘‘کے عنوانی سے یہ دستاویز یورپی پارلیمنٹ کی ریسرچ سروس نے شائع کی ہے جو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں ایک جائزہ پیش کرتی ہے۔