پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری( کل) کراچی پہنچیں گے

بلاول بھٹو کو کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل سے جلوس کی شکل میں بلاول ہاس لے جایا جائیگا

جمعرات 19 جولائی 2018 21:14

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری( کل) کراچی پہنچیں گے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل( جمعہ) کوکراچی پہنچیں گے ، پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں کراچی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی،بلاول بھٹو کو کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل سے جلوس کی شکل میں بلاول ہاس لیجایا جائے گا۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے بعد آج جمعہ کوکراچی پہنچیں گے تو اولڈ ٹرمینل پر سہہ پہر تین بجے ان کا شانداراستقبال کیا جائے گا۔

کراچی میں جلسہ کی اجازت نہ ملنے پرپیپلزپارٹی نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کے کراچی ائیرپورٹ سے بلاول ہاس تک کے سفرکوانتخابی مہم کی مناسبت سے ایک استقبالی ریلی میں تبدیل کرنے کا پروگرام تشکیل دے دیا ہے اولڈ ٹرمینل پرسہہ پہرتین بجے بلاول بھٹو استقبالی جلوس کی قیادت کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں سے گذریں گے کراچی ائیرپورٹ سے بلاول بھٹو براستہ ملیر 15، قائد آباد،داد چورنگی،اسپتال چورنگی،لیبراسکوائر،بھینس کالونی،لٹھ بستی،ابراہیم حیدری،کورنگی کراسنگ،قیوم آباد ، ڈیفینس،کالا پل ، ایف ٹی سی ، نرسری ، کارساز،سوک سینٹر،عیسی نگری،لیاری ایکسپریس وے ، ماڑی پورروڈ،آئی سی آئی پل ، جناح پل ، مائی کولاچی سے ہوتے ہوئے بلاول ہاوس پہنچیں گے ۔

(جاری ہے)

کراچی ائیرپورٹ سے بلاول ہاس تک پیپلزپارٹی کے قائد کا جگہ جگہ استقبال کیاجائے گا اوروہ استقبالی ہجوم سے خطاب بھی کریں گے ۔کراچی میں مختلف مقامات پربلاول بھٹو کے فقید المثال استقبال کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔