مخالفین کیخلاف غیر اخلاقی زبان کے استعمال پر الیکشن کمیشن کا ایاز صادق اور مولانا فضل الرحمان کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی رہنماوں کا طلب کرنے کا فیصلہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی شکایت پر کیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات جولائی 19:03

مخالفین کیخلاف غیر اخلاقی زبان کے استعمال پر الیکشن کمیشن کا ایاز صادق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی2018ء) مخالفین کیخلاف غیر اخلاقی زبان کے استعمال پر الیکشن کمیشن کا ایاز صادق اور مولانا فضل الرحمان کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ، الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی رہنماوں کا طلب کرنے کا فیصلہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی شکایت پر کیا گیا، تفصیلات کے مطابق کئی روز سے انتخابی مہم کے دوران سیاسی رہنماوں کی جانب سے غیر اخلاقی زبان کے استعمال کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے بالآخر نوٹس لے لیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے جمعرات کے روز تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو طلب کیا تھا۔ جمعرات کے روز الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے خلاف توہین امیز تقاریر کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے از خود نوٹس کی سماعت ہوئی اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران کی جگہ ان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سماعت شروع ہوئی تو الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو نے ڈاکٹر بابر اعوان سے استفسار کیا کہ عمران خان نے جلسوں کے دوران تقاریر میں بہت نازیبا زبان استعمال کی ہے اور آپ نے سنا تو ہوگا کیونکہ آپ ساتھ ہی ہوتے ہیں، اس پر بابر اعوان نے کہا کہ جی ہاں میں نے سنا ہے اور مزید کیا ہوا ہے آپ کی اجازت سے سناتا ہوں۔ اس موقع پر بابر اعوان نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ویڈیو کلپ کمرہ عدالت میں چلایا اور کہا کہ یہاں ایسے ایسے الفاظ بھی استعمال ہورہے ہیں، نکاح، شادی،، گھر والوں کے بارے میں ایسے ایسے لفظ استعمال کیے گئے۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف طالبان خان اور اس سے بھی برے الفاظ استعمال ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی یہ نہیں کہتی کہ نوٹس نہ دیں۔ اس پر ممبر پنجاب الطاف ابراہیم نے کہا کہ ابھی اور بھی نوٹسز نکل رہے ہیں۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ گدھا تو معمولی لفظ ہے، یہاں استاد بھی گدھا کہہ دیتے ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ استاد کی بات اور ہوتی ہے بابر اعوان نے کہا کہ ایک صوبے والا دوسرے صوبے کو کہے کہ ووٹ دینے والا بے غیرت ہے۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ احتیاط کریں کہ آئندہ ایسا نہ ہو، آپ ایک یقین دہانی کرائیں کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا، انتخابی مہم بھی چل رہی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ آئندہ ایسا ہو۔ ممبر خیبرپختونخوا ارشاد قیصر نے وکیل عمران خان کو کہا کہ ایسی زبان و لہجہ استعمال نہ ہو کہ نفرتیں اور اشتعال پھیلیں جس پر بابر اعوان نے عمران خان کی جانب سے تحریری یقین دہانی کی حامی بھرلی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے نازیبا زبان استعمال کرنے کا نوٹس میڈیا میں آنے والی خبروں کی بنیاد پر لیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اس کیس کی مزید سماعت9اگست تک ملتوی کر دی ہے۔ جبکہ الیکشن کمیشن نے مخالفین کیلئے نازیبا زبان کے استعمال کے معاملے کے حوالے سے ن لیگ کے رہنما ایاز صادق،، مولانا فضل الرحمان اور پرویز خٹک کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔