الیکشن اور الیکشن کمیشن ٹھیک جا رہے لیکن ن لیگ کی حالت خراب ہے‘ چودھری پرویزالٰہی

ووٹر موسم کی پرواہ کئے بغیر 25 جولائی کو پولنگ سٹیشنوں پر جائیں اور ن لیگ کو ماضی کا قصہ بنا دیں‘اجتماع سے خطاب

جمعرات 19 جولائی 2018 21:19

الیکشن اور الیکشن کمیشن ٹھیک جا رہے لیکن ن لیگ کی حالت خراب ہے‘ چودھری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن اور الیکشن کمیشن تو ٹھیک جا رہے ہیں لیکن شہبازشریف اور ن لیگ کی حالت خراب دکھائی دے رہی ہے۔ وہ گجرات میں ووٹرز کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے نہ صرف پاکستان اور عوام کے بعد دین سے بھی دشمنی کی اور ختم نبوتؐکے منکرین اور ان کے سرپرستوں کو خوش کرنے کیلئے قوانین میں تبدیلی کرنے کی سازش کی جو بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا بیانیہ ملک اور قومی اداروں کے خلاف ہے جسے عوام تو کیا ن لیگ کے باشعور کارکنوں میں بھی پذیرائی نہیں ملی اور یہی وجہ ہے کہ ان کی آمد کا شو بری طرح فلاپ ہو گیا۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے نعروں کی گونج میں اپنی وزارتِ اعلیٰ کے دوران ہر شعبہ زندگی باالخصوص عام و غریب آدمی، کسان اور محنت کش کی بہتری کیلئے کئے گئے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہمارا ضمیر مطمئن ہے، ہم نے پورے پنجاب میں باالخصوص پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام وسائل اور اپنی تمام تر صلاحیتیں استعمال کیں جس کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے اور ہمارا پنجاب ہر لحاظ سے اول جا رہا تھا لیکن شریف برادران نے انتقامی جذبہ کے تحت عوام دشمنی کے ایسے اقدامات کیے کہ اس کی ترقی و خوشحالی کا راستہ رک گیا اور خوشحال پنجاب بدحال ہو گیا۔

جلسہ میں چودھری شعبان، امجد فاورق، عامر صدیق، ماسٹر شریف، چودھری منور، چودھری اشرف، چودھری مزمل، چودھری یونس، حاجی عنائت، حاجی محمد بشیر، ساجد اکرام، محمد ندیم راجپوت، محمد سہیل، میاں قمر سلطان، ظفر قریشی، عارف بھٹی، مرزا شاہد اکرام، چودھری شبیر چودھری عثمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔