لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن دیا میر بھاشا ڈیم کے لئے فنڈ قائم کرے گی، جنرل ہائوس میںمنظور کی گئی متفقہ قرارداد

جمعرات جولائی 21:45

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن دیا میر بھاشا ڈیم کے لئے فنڈ قائم کرے ..
لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی2018ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن وکلاء کے تعاون سے دیا میر بھاشا ڈیم کے لئے فنڈ قائم کرے گی اوراس طرح جمع شدہ رقم سپریم کورٹ کی طرف سے قائم ڈیمز فنڈ میں منتقل کرے گی، اس امر کا اظہار لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہائوس میںمنظور کی گئی متفقہ قرارداد میں کیا گیا ہے۔جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ بار کے کیا نی ہال میں اجلاس کی صدارت صدر لاہور ہائیکورٹ بار انوارالحق پنوں نے کی۔

ا جلاس میں بار کے وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جنرل ہائوس کے اجلاس میں انتخابات کی شفافیت کو مانیٹر کرنے کیلئے وکلائصاحبان پر مشتمل ٹیمز کی تشکیل اور دیا میر بھاشا ڈیم اور مہمندڈیم کیلئے فنڈ زکے قیام کے معاملہ پر غورو خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے چوہدری نور سمند خان نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، ناصر جمیل گھمن ایڈووکیٹ، محمداقبال دہینگل ایڈووکیٹ، خالد ملک اعوان ایڈووکیٹ ، محمد اویس قاضی ایڈووکیٹ، نرگس ناہید طارق ایڈووکیٹ، اللہ بخش گوندل ایڈووکیٹ، رانا عبد الحمیدایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا مرتکب ہورہا ہے جسکی وجہ سے وطن عزیز پانی کی قلت کا شکار ہے اور زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں نے ڈیمز بنانے کی طرف توجہ نہ دی اور دریائوں کا پانی سمندر برد ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے آنے والے وقت میں پانی کی قلت کا خطرہ بھانپتے ہوئے بھاشا دیا میر اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے فنڈ قائم کیا۔ لہذا وکلاء کو بھی اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔قومی انتخابات کو مانیٹر کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے ٹیموں کی تشکیل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا الیکشن کی شفافیت کے بارے لوگوںمیں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں لہٰذالاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مانیٹرنگ کیلئے وکلاء پر مشتمل ٹیمز کی تشکیل کا جو قدم اٹھایا ہے احسن ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ٹیم ممبران کی حفاظت اور پولنگ اسٹیشن تک رسائی کیلئے حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔انوارالحق پنوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری حکومتوں کی عدم دلچسپی کی بنا پرچیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کو مجبوراً از خود نوٹس لیتے ہوئے دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈ قائم کیا ہے۔

انہوں نے حاضرین سے رائے لی کہ آیا ہم افرادی طور پر سپریم کورٹ کے قائم کردہ ڈیمزفنڈ میں یا اجتماعی طور پر بار کی طرف سے فنڈ قائم کیا جائے اور مجموعی رقم چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثارکے فنڈ برائے تعمیر ڈیم میں جمع کرادی جائے۔ شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کے انعقاد کیلئے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکور ٹ بار ایسوسی ایشن نے پاکستان کے سیاسی مدوجذر، عدلیہ کی بحالی اور جمہوریت کے قیام کیلئے بے مثال کردار ادا کیا۔

سیاسی وابستگیوںسے بالا تر ہو کر ہمیں قومی معاملات میں اپنا مثبت کردار ضرور ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے حوالہ سے ہر سیاسی جماعت کا اپنا بیانیہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سیاسی جماعتوں کے خدشات ، تحفظات کو ختم کرنے کیلئے کوشش کریں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وکلاء پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیم کو تحفظ اور رسائی فراہم کی جائے۔