سرکاری حج سکیم کے تحت پاکستانی عازمین کی مدینہ منورہ آمد کا سلسلہ جاری

6روز کے دوران 40 حج پروازوں کے ذریعی7 ہزار سے زائد عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچ گئے

جمعرات 19 جولائی 2018 22:04

سرکاری حج سکیم کے تحت پاکستانی عازمین کی مدینہ منورہ آمد کا سلسلہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) سرکاری حج سکیم کے تحت پاکستانی عازمین کی مدینہ منورہ آمد کا سلسلہ جاری ہے،۔ گذشتہ 6روز کے دوران 40 حج پروازوں کے ذریعی7 ہزار سے زائد عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں،پاکستانی عازمینِ حج کی بڑی تعداد پاکستان سے براہ راست مدینہ منورہ پہنچ رہی ہے جبکہ 393 عازمینِ حج جدہ ایئر پورٹ کے ذریعے مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔

ان عازمین حج کو اپنے پہلے عمرہ کی ادائیگی کے بعد 8 دن قیام کیلئے مدینہ منورہ روانہ کر دیا جائے گا۔ مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمینِ حج کی زیادہ تر رہائشیں حرم نبوی ﷺ کے نزدیکی علاقے مرکزیہ میں مہیا کی گئی ہیں۔ وزارتِ مذہبی امور کے میڈیا سیل کے دریافت کرنے پر عازمینِ حج نے وزارت کے پاکستان اور سعودی عرب میں حج انتظامات کو سراہتے ہوئے بتایا کہ انہیں پاکستان کے حاجی کیمپوں میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی جبکہ مدینہ منورہ میں بھی قریب ترین اور اعلیٰ معیار کے ہوٹلوں میں رہائشیں فراہم کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ رہائشیں مسجد نبوی ﷺ سے دو سے تین منٹ کے فاصلے پر ہیں اور انہیں اپنی عبادات میں نہایت آسانی ہے۔ عازمینِ حج نے کھانے کے معیار اور مسالوں کو بھی اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں تین وقت اپنی رہائش گاہوں میں ہی بہترین ذائقے والا تازہ کھانا مہیا کیا جا رہا ہے جبکہ انڈیا اور دوسرے ممالک کے عازمینِ حج کھانے کی تلاش میں مختلف سڑکوں پر سرگرداں نظر آتے ہیں۔

عازمینِ حج نے اپنے فضائی سفر کے حوالے سے بھی بہت اطمینا ن کا اظہار کیا۔ دوسری طرف ملکِ پاکستان کے مختلف شہروں سے حج فلائٹ آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور روزانہ پروازوں کے ذریعے ہزاروں عازمینِ حج حجازِ مقدس پہنچ رہے ہیں۔ عازمینِ حج کو ان کے متعلقہ حاجی کیمپوں سے پرواز سے دو دن قبل ویزہ لگے پاسپورٹ، ٹکٹ اور دیگر سفری دستاویزت فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ سعودی عرب میں قیام کے دوران بیماریوں سے بچاو کی ویکسین بھی مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ مختلف حاجی کیمپوں میں تربیت کا عمل بھی کامیابی سے جاری ہے۔ ۔۔۔اعجاز خان