عادل رشید کی کوہلی کو گیند ’’بال آف دی سنچری ‘‘قرار

کوہلی پہلی بار کسی لیگ سپنر کی گیند پر بولڈہوئے

جمعرات 19 جولائی 2018 22:43

عادل رشید کی کوہلی کو گیند ’’بال آف دی سنچری ‘‘قرار
لیڈز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) انگلینڈ کیخلاف تیسرے ون ڈے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی عادل رشید کی گیند پر آئوٹ ہوئے جو حیران کن طور پر لیگ سٹمپ سے ٹرن ہوکر وکٹوں میں آگھسی تھی ، کوہلی بولڈ ہونے کے بعد کافی دیر تک حیران ہوکر پچ کو دیکھتے رہے جہاں سے گیند گھومی تھی۔ عادل رشید کی اس گیندکو بال آف دی سنچری قرار دیاگیاہے اور اس کو موازنہ گزشتہ صدی میں آسٹریلوی لیگ سپنر شین وا رن کی مائیک گیٹنگ کو کرائی گئی بال آف دی سنچری سے کیا جارہاہے۔

عادل رشید کی کرائی گیند کی سپیڈ 51میل فی گھنٹہ تھی اور کوہلی پہلی بار ون ڈے کرکٹ میں کسی لیگ سپنر کے ہاتھوں بولڈ ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ عادل رشید کی شاندار باؤلنگ اور جو روٹ کی سنچری کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کو سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 8وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

(جاری ہے)

ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ بھارتی بلے باز روہت شرما صرف 2رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر شیکھر دھاون اور کپتان ویرات کوہلی وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے 71رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی لیکن 44رنز بنانے والے دھاون وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں پویلین لوٹ گئے۔کوہلی نے کارتھک کیساتھ مل کر 125 تک پہنچایا ہی تھا کہ عادل راشد نے دنیش کارتھک کی وکٹیں بکھیر دیں تاہم بھارت کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب راشد نے ایک عمدہ لیگ سپن پر کوہلی کی وکٹیں بکھیر دیں جنہوں نے آئوٹ ہونے سے قبل 71 رنز بنائے۔۔

متعلقہ عنوان :