مصنوعی قیادت نے ہی ملک کو کرپشن اور وڈیرہ شاہی کی دلدل میں ڈالاہے،عثمان معظم

اب پھر مصنوعی قیادت عوام پرمسلط کرنے کی تیاری کی جارہی ہے یہ سلسلہ بند کیا جائے ورنہ انتخابی نشہ اترنے کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا،پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری

جمعرات 19 جولائی 2018 22:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم نے کہا ہے کہ مصنوعی قیادت نے ہی ملک کو کرپشن اور وڈیرہ شاہی کی دلدل میں ڈالاہے ۔ اب پھر مصنوعی قیادت عوام پرمسلط کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ یہ سلسلہ بند کیا جائے ورنہ انتخابی نشہ اترنے کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا ۔ کرپٹ الیکٹ ایبلز نے انتخابات کو بھاری منافع بخش تجارت بنالیا ہے ۔

نگراں حکومت ،عدلیہ،الیکشن کمیشن آف پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے دیدہ دلیری کے ساتھ ضابطہ اخلاق کا مذاق اڑایا جارہا ہے ۔ تشہیری مہم پر اربوں روپے لگانے والے اسمبلیوں میں جاکر 5سال کے لئے ایک بار ھر عوام کا خون چوسیں گے اور قومی خزانے پر ڈاکہ ماریں گے ۔

(جاری ہے)

وہ نیو کراچی اور نارتھ کراچی کے دورے کے موقع پر پاسبان ورکرز اور عوام سے گفتگو کررہے تھے ۔

اس موقع پر پاسبان کراچی کے صدر اور نامزد کردہ امیدوار قومی اسمبلی حلقہ 253عبدالحاکم قائد ،امیدوار صوبائی اسمبلی 124دانش قریشی اور امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ 130آصف بخش بھی موجود تھے ۔عثمان معظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ،پیپلز پارٹی ،ایم ایم اے اور متحدہ قومی موومنٹ سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا ۔اب ان یہی جاگیر دار ،وڈیرے اور کرپٹ الیکٹ ایبلزان جماعتوں سے نکل کر پی ٹی آئی میں جمع ہوکرایک بار پھر ملک کی جڑوں کوکھوکھلا کرنے کی منصوبہ بندی میں عوام کو طرح طرح کے سبز باغ دکھا رہے ہیں ۔

عوام کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ البتہ یہ کن کھجورے ،لوٹے اور لٹیرے فائدے میں رہیں گے ۔ عثمان معظم نے کہا کہ 25جولائی کے بعد منظر عام پر آنے والی حکومت کو انتہائی کمزور بنیادوں پر کھڑا کیا جارہا ہے جو پچھلی حکومتوں سے زیادہ نااہل ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ صرف چہرے بدلنے سے کوئی تبدیلی نہ پہلے آئی ہے اور نہ اب آسکتی ہے ۔پاسبان حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے اور پاسبان ہی نظام بدلنے کی اہلیت رکھتی ہے ۔ پاسبان کا پیغام بہت جلد گلی گلی اور کوچے کوچے پھیل رہا ہے #