صدر آزاد کشمیر کی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی سے ملاقات،

مختلف امور پر گفتگو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو مقبوضہ کشمیر میں لی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بار ے آگاہ کیاگیا

جمعرات 19 جولائی 2018 23:02

صدر آزاد کشمیر کی  نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی سے ملاقات،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے لاہور میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران مختلف امور پر گفتگو ہوئی ۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ آج الحاق پاکستان کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم وجبر کے خلاف اپنی کاوشوں کو جاری رکھیں گے۔

کشمیریوں کو اپنا پیدائشی حق، حق خودارادیت ضرور حاصل ہوگا۔ آج بھی ہمارے کشمیری بہن ، بھائی ظلم و جبر کی چکی میں پسے جا رہے ہیں لیکن بھارت کبھی بھی کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں دبا سکے گا۔

(جاری ہے)

صدر آزاد جموں وکشمیر نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری خون ریزی پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کا شائع ہونے والی جامع رپورٹ میں بھارت کی جانب سے ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی ایک لمبی فہرست دی گئی ہے جس سے بھارت کا مکرہ چہرہ بے نقاب ہوا ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور حکومت کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے ہمیشہ اپنی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کو جاری رکھے گی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم جمہوری عمل و روایات کو جاری رکھتے ہوئے پر امن اور شفاف انتخابات کا انعقاد کرانے کے لئے کوشاں ہیں۔ *راٹھور*