لاہور،ایف آئی اے فیصل آباد ڈویژن کا کریک ڈائون ، 18 انسانی سمگلروں گرفتار ،مقدمات درج،تفتیش شروع

جمعرات 19 جولائی 2018 23:07

لاہور،ایف آئی اے فیصل آباد ڈویژن کا کریک ڈائون ، 18 انسانی سمگلروں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی ای) پنجاب کے فیصل آباد ڈویژن نے کریک ڈائون کے نتیجہ میں ملزمان اشتہاری سمیت 18 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کے ساتھ ساتھ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، ایف آئی اے فیصل آباد کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ساجد اکرم چوہدری نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کے علاوہ سرگودھا ڈویژن میں انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈائون کیا جس کے نتیجہ میں 6 ملزمان اشتہاری اور 12 انسانی سمگلرز جن میں مختلف ٹریول کمپنیوں کے ایجنٹس، سب ایجنٹس گرفتار کیے گئے ہیں گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ وہ سادہ لوح شہریوں کو ان کے تابناک مستقبل کے سنہرے خواب دکھا کر ان کو کروڑوں روپے سے محروم کر چکے ہیں، گرفتار ملزمان میں 6 اشتہاری ملزمان متعدد مقدمات میں ایف آئی اے کو مطلوب تھے، انہوں نے بتایا کہ یہ ملزمان شہریوں کو زمینی اور سمندری راستوں سے غیر قانونی طریقہ سے بارڈر کراس کرنے کا دھندہ کرتے تھے، لوگوں کو لانچوں اور ٹرالروں میں بھرتے اور پھر دیار غیر میں جب مشکل دیکھتے تو یا انہیں سمندری لہروں یا بیرون ممالک سکیورٹی فورسز کی گولیوں کا نشانہ بنوا دیتے جو خوش قسمت بچ جاتے ہیں وہ بیرون ممالک غیر قانونی بارڈر کراس کرنے کے جرم میں بیرون ممالک جیلوں میں پڑے سڑے رہتے اور سزائیں پوری ہونے کے بعد پاکستان ڈی پورٹ کر دیئے جاتے، انہوں نے کہا کہ یہ انسانیت کے دشمن اپنے ذاتی مفاد کی خاطر لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے سے بھی دریغ نہ کرتے ایسے مجرم کسی رعایت یا معافی کے حق دار نہیں ہیں، فیصل آباد سیالکوٹ منڈی بہائوالدین سرگودھا سمیت تمام علاقوں میں ان ظالموں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا، اس وقت تک جب تک ان کا نیٹ ورک ختم نہیں ہو جاتا یا یہ اپنا بستر لپیٹ نہیں لیتے، انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کا ٹھکانہ قبر یا پھر جیل کی سلاخیں ہیں گرفتار ملزمان میں محمد ارشد، محمد جہانگیر، نعیم ارشد، محمد نعیم، رانا عدنان، ملک فیروز، سید حسنین، شفیق احمد، حاجی ابرار جبکہ محمد رمضان، مسماة عشرت بی بی، اشفاق احمد، محمد اکرم اور محمد رانا ملزمان اشتہاری شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :