لاہور ، ملی مسلم لیگ اب ووٹر کا تقدس پامال نہیں ہونے دے گی،حافظ خالد ولید

جمعرات 19 جولائی 2018 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کے پی پی 167سے امیدوار حافظ خالد ولید نے کہا ہے کہ ملی مسلم لیگ اب ووٹر کا تقدس پامال نہیں ہونے دے گی۔ووٹر کو ان کے حقوق ملیں گے۔ وطن عزیز پاکستان میں حکمرانوں نے اپنی تجوریاں بھریں۔قومی خزانے کو لوٹا گیا اورغریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

لوگوں کو تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔ہم نے سیاست اسوہ محمدﷺ کے مطابق کرنی ہے۔ عقیدہ ختم نبوت پر حملہ کرنے والوںکا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ مفادات کی خاطر الیکشن لڑنے والوں کو اب قوم مسترد کردے گی۔ ملی مسلم لیگ کے حلقہ میں قائم مرکزی دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

(جاری ہے)

ہم کسی کا ووٹ بینک توڑنے نہیں بلکہ سیاسی نظام میں اصلاح کرنے کے لیے آئے ہیں۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ ہم اس ملک میں سیاست کریں گے اور عوام کے ساتھ ہی رہیں گے۔ نوجوان نسل کی تربیت نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر کرنے کی ضرورت ہے۔ خالد ولید نے کہاکہ لوٹ مار کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کیا ہم ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ ہم خدمت کی سیاست کریں گے اور قوم کو نظریہ پاکستان پر متحد کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ سابقہ حکمرانوں کی غفلت کی وجہ سے ملک میں اس وقت پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ انرجی کا فقدان بہت بڑا مسئلہ ہے۔مہنگی ترین بجلی بنائی جا رہی ہے۔بلوں اور ٹیکسوں نے قوم کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ کشمیر میں ڈیموں کی تعمیر پر حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی سے ملک کا بہت نقصان ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ ملی مسلم لیگ کو ملک بھر میں تیزی سے مقبولیت مل رہی ہے۔ ہم لوگوں کے مسائل حل کریں گے اور انہیں مایوس نہیں کریں گے۔