احسن اقبال نے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوارابرارالحق کو لیگل نوٹس بھجوادیا

جمعرات 19 جولائی 2018 23:41

احسن اقبال نے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوارابرارالحق کو لیگل نوٹس بھجوادیا
لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے حلقہ این اے 78میں مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار گلوکار ابرارالحق کو لیگل نوٹس بھجوایا ہے۔احسن اقبال نے ہتک عزت کا نوٹس وکلا بیرسٹر مجتبیٰ جمال کے ذریعے ابرار الحق کو ارسال کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ابرارالحق نے انتخابی مہم کے دوران احسن اقبال کے خلاف بہتان تراشی کی ہے، نوٹس کے متن کے مطابق احسن اقبال چار مرتبہ عوامی نمائندے منتخب ہوچکے ہیں۔

دو مرتبہ وفاقی وزیر رہ چکے ہیں جبکہ متعدد یونیورسٹیوں میں اعلیٰ کلاسوں کو پڑھا چکے ہیں۔ مینجمنٹ کنسلٹنٹ رہ چکے ہیں۔تاہم ابرار الحق نے مقامی ٹیلی ویژن کے پروگرام عوام اور سیاست میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

نوٹس کے مطابق ابرارالحق نے پروگرام میں الزام عائد کیا کہ احسن اقبال نے صرف ان ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جن سے انہیں رشوت اور کمیشن ملا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال پر ترقیاتی منصوبے کے ٹھیکے اپنوں کو دینے ، نارووال میں سٹیڈیم، سٹرکوں اور یونیورسٹیوں کے ٹھیکے رانا محمد افضل کو دینے، سٹیڈیم کا ٹھیکہ 7ارب روپے میں دینے کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔ نوٹس کے مطابق احسن اقبال پر لگائے جانے والے تمام الزام جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔لیگل نوٹس کے مطابق احسن اقبال کی شہرت کو داغدار کرنے کی کوشش کی گئی،چودہ روز کے اندر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات واپس لیتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگی جائے،اور مستقبل میں احسن اقبال پر جھوٹے الزامات عا ئد کرنے سے گریز کیا جائے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چودہ یوم کے اندر غیر مشروط معافی نہ مانگی گئی تو ایک ارب روپے کا ہرجانہ کرتے ہوئے سول وفوجداری کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔