شہبازشریف کراچی کوتیزی سے ترقی دیں گے،سلمان خان

انتخابات جیتنے کی صورت میںوہ اور ان کی پارٹی کراچی کی کھوئی ہوئی رونقیں واپس لائیں گے

جمعرات 19 جولائی 2018 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) حلقہ این اے 248سے مسلم لیگ ن کے قومی اسمبلی کے امیدوار سلمان خان نے کہا ہے کہ انتخابات جیتنے کی صورت میںوہ اور ان کی پارٹی کراچی کی کھوئی ہوئی رونقیں واپس لائیں گے اور اب جو شہر تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے گاجس کے بارے میں پورے ملک کو اندازہ ہے کہ وہ برق رفتار اور مثبت نتائج کی حامل ہوتی ہے۔

وہ اپنے حلقے کے مختلف علاقوں مچھ گوٹھ، بڈھانی، کیماڑی، ہاکس بے وغیرہ میں اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔سلمان خان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حلقہ 248کے علاقے میں پچھلے دس سال سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا اور پورا علاقہ کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ حکومت کی کوششوں سے اس علاقے میں امن تو قائم ہوگیا اور لوگوں کی جان مال محفوظ ہوگئی مگر وہ ابھی تک بنیادی ضروریات ذندگی جیسے پینے کے صاف پانی۔

(جاری ہے)

صاف ستھرا ٹرانسپورٹ کا نظام۔بجلی ۔روزگار۔تعلیم اور طبی سہولتوں سے محروم ہیں۔ سلمان خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا پنجاب کا ریکارڈ دیکھتے ہوئے میں یہ بات وثوق سے کہ سکتا ہوں کہ اگر ہمیں کراچی میں موقع دیا گیا تو ہم اس حلقے اور اس شہر کے تمام مسائل کا مشہور زمانہ شہباز اسپیڈ کے ساتھ حل پیش کریں گے۔سلمان خان نے کہا کہ کراچی کے مسائل کو ان کی جماعت کس قدر سنجیدگی سے لیتی ہے اور کس قدر اہم سمجھتی ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جناب شہباز شریف کراچی سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور ان شاء اللہ ان کی فتح کے ساتھ اگلا وزیر اعظم کراچی سے ہوگا اور یہ شہر جو سالہاسال سے بے توجہی کا شکار ہے پورے ملک کی توجہ مرکز ہوجائے گا۔

محمد سلمان خان نے عوام پر زور دیا کہ وہ 25جولائی کو شیر پر مہر لگائیں اور اپنے شہر کی تقدیر بدلنے میں کردار ادا کریں۔