مسلم لیگ (ن) نے اپنے پولنگ ایجنٹس کو انتخابات میں کسی بھی طرح کی دھاندلی روکنے کیلئے باقاعدہ تربیت دینے کے ساتھ تحریری ہدایت نامہ جاری کر دیا

جمعرات 19 جولائی 2018 23:55

لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے پولنگ ایجنٹس کو انتخابات میں کسی بھی طرح کی دھاندلی روکنے کیلئے باقاعدہ تربیت دینے کے ساتھ رہنمائی کے لیے تحریری ہدایت نامہ بھی جاری کر دیا ،پولنگ ایجنٹس کو اندراج شکایت نامہ کا فارم بھی جاری کر دیا گیا جس میں سرکاری افسر کا نام ،محکمہ کا نام ، وقت و قوعہ تفصیل ، ویڈیوز مواد ، دھاندلی کی نوعیت کو تحریر کیا جا سکے گا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے سوشل میڈیا ورکرز اور ملک بھر سے لیگی امیدواروںکے پولنگ ایجنٹس نے شرکت کی ۔ تقریب میں مرکزی رہنما و میڈیا ٹیم کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید، سابق وزیر قانون زاہد حامد ، لیگل ٹیم کے سربراہ نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کنونشن کے دوران تمام پولنگ ایجنٹس اور سوشل میڈیا ٹیم کو پولنگ ڈے کے حوالے سے اہم نکات پر آگاہی دی گئی جبکہ زاہد حامد نے مختلف اہم نکات پر بریفنگ دیتے ہوئے دھاندلی روکنے کیلئے اور قانونی نکات پر شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دئیے گئے ۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے ۔ زاہد حامد نے کہا کہ تمام پولنگ ایجنٹس ووٹنگ کا آغاز ہونے سے ایک گھنٹہ قبل پولنگ اسٹیشن پہنچ جائیں ،پولنگ ایجنٹس تمام باکس کے خالی ہونے کی یقین دہانی کر لیں اور اپنے سامنے سربمہر کروائیں،سیکریسی کو یقینی بنایا جائے،ووٹنگ کے عمل میں بائیو میٹرک ویریفیکیشن سسٹم بھی دیا گیا ہے،ووٹر کا نام لسٹ میں ہونے کی یقین دہانی کر لیں، ووٹر لسٹ کے مطابق ووٹرز کی آمد اور کاسٹ ہونے والے ووٹوں کا موازنہ کیا جائے،دن کے اختتام پر پولنگ ایجنٹس نے ووٹوں کی گنتی کی نگرانی کرنی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ پریزائڈنگ آفیسر نتائج کی تصاویر لے کر تمام متعلقہ لوگوں کو بھیجیں گے،مانیٹرنگ ٹیمیں امیدواروں کے ساتھ رابطے میں رہیں۔تحریری ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ تمام قومی و صوبائی امیدوار اینٹی ری گینگ سیل سے رابطے میں رہیں ،الیکشن میں دھاندلی کی شکایات کی صورت میں یہ سیل ہر طرح کی قانونی معاونت کرے گا ،پولنگ ایجنٹ کو اندراج شکایت نامہ کا فارم بھی جاری کیا گیا جس میں سرکاری افسر کا نام ،محکمہ کا نام ، وقت و وقوعہ تفصیل ، ویڈیوز مواد ، دھاندلی کی نوعیت کو تحریر کیا جاسکے گا۔