لاہورمیں موسلا دھار بارش ، سب سے زیادہ بارش قرطبہ چوک میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی

بارش کے آغاز سے ہی واساکا عملہ نکاسی آب آپریشن میںمتحرک ہو گیا

جمعرات 19 جولائی 2018 23:55

لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) صوبائی دارلحکومت لاہورمیں موسلا دھار بارش ، سب سے زیادہ بارش قرطبہ چوک میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، بارش کے آغاز سے ہی واساکا عملہ تمام ضروری مشینری کے ساتھ نکاسی آب آپریشن میںمتحرک ہو گیا۔نگران وزیر اعلٰی پنجاب حسن عسکری نے ایم ڈی واساکو ہدایت کی کہ شہر کے نشیبی علاقوںسے پانی کے نکاس کو فوری ممکن بنا کر شہر میں زندگی کورواں دواں رکھا جائے۔

ایم ڈی واسا سید زاہد عزیزنے خودنکاسی آب آپریشن کی نگرانی کی اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سے بھی رابطہ میں رہتے ہوئے شہر کے تمام نشیبی علاقوں سے نکاسی آب آپریشن مکمل کیا جائے اور خصوصاً پونڈنگ ایریاز میں ڈی واٹرنگ سیٹوں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیسکو سے بھی مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار نہ ہواور واسا کے ڈسپوزل پمپ چالو رہیں اور بارشی پانی کی نکاسی جلد ممکن ہو۔

ایم ڈی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے افسران و عملہ کی انتھک کوششوں سے شہر کے تمام علاقوں سے آپریشن نکاسی آب 2 گھنٹوں میںہی مکمل کر لیا گیا جس سے شہر کی سڑکوں پر ٹریفک اور نظام زندگی رواں دواں رہا اور شہریوں کو کوئی دشواری پیش نہ آئی۔محکمہ موسمیات کی مزید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر ایم ڈی واسا نے عملہ کو مشینری سمیت ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا۔