ڈی سی لاہور کی زیر صدارت تجاوزات کے خاتمہ کے حوالے سے اجلاس

جمعرات 19 جولائی 2018 23:56

لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) ڈی سی لاہور کیپٹن (ر)انوار الحق کی زیر صدارت تجاوزات کے خاتمہ کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا۔اجلاس میں لیسکو، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، پولیس، اوقاف اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔داتا دربار کے اردگرد تجاوزات ، اور صفائی کے ناقص انتظامات اور نشہ کے عادی افراد کے فٹ پاتھ پر موجودگی پر امور کا جائزہ لیا گیا۔

جوتوں پر اوورچارجنگ پر ڈی سی لاہور نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ داتا دربار پر انتظامات اور اوورچارجنگ کی شکایات کے حوالے سے ڈی سی آفس میں شکایات جمع کروائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ جوتوں کو رکھنے کے لیے اسٹالز پر چارجز کے بورڈز لگائے جائیں۔ڈی سی لاہور نے ایڈمنسٹریٹر داتا دربارکو صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پارکنگ کے ناقص انتظامات کو فوری بہتر کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پارکنگ کے لیے پارکنگ کمپنی کی خدمات لینے کی ہدایت بھی کی۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ گدا گری کو روکنے کے لیے انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ لنگر کی کوالٹی اور ریٹ کی چیکنگ کو فوڈ اتھارٹی بہتر کرے۔انہوں نے کہا کہ لیسکو تاروں اور سوئی گیس پائپوں کی بے ہنگمی کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیموں کو داتا دربار کے اردگرد صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر چار گھنٹے کے بعد ایل ڈبلیو ایم سی کی گاڑی صفائی ستھرائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ا یس ایچ اونشئی افراد کی موجودگی کو فٹ پاتھ سے ختم کروائیں اور غیر قانونی اڈہ ختم کروائیں۔ڈی سی لاہور نے جیب تراشوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔