Live Updates

عمران خان وزیراعظم بننے کے خواہش مند ہیں مگر وہ باتیں بچگانہ کرتے ہیں، سینیٹر مولابخش چانڈیو

جمعرات 19 جولائی 2018 23:58

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے خواہش مند ہیں مگر وہ باتیں بچگانہ کرتے ہیں۔ حیدرآباد پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ نوا ز شریف نے سندھ کو کوئی قابل فخر ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی جانب سے جاری منصوبوں کو ختم نہیں کرنا چاہئے کیونکہ ایسا کرنے سے ملکی ترقی کا عمل بھی رک جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں دشمن کو بھی نظرانداز کرنا پڑتا ہے مگر عمران خان ڈھونڈ ڈھونڈ کراپنی دشمنیاں نکالتے ہیں، عمران خان کو وزیراعظم بننے کا شوق ہے لیکن ان میں قائدانہ صلاحیت نہیں، جو اپنی پارٹی کو منظم نہ کرسکے وہ ملک اور قوم کو کیسے ایک ساتھ لے کر چل سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، ہم مانتے ہیں کہ ہم سے ماضی میں غلطیاں ہوئی ہیں مگر ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم نے غلطی تو کی لیکن غداری نہیں کی، ایک خاص طرح کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے لوگ ڈرے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت باتیں سنیں مگر اس کے باوجود آصف زرداری نے ایک حکومت کو الوداع کیا اور دوسری حکومت کو خوش آمد کیا اور جمہوریت کا تسلسل قائم رکھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات