Live Updates

پیپلز پارٹی سے اتحاد کے بجائے ہم اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کریں گے، عمران خان

ْ

جمعہ 20 جولائی 2018 00:03

پیپلز پارٹی سے اتحاد کے بجائے ہم اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کریں گے، عمران ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن ہی ملک کو تباہ کر رہی ہے ، بار بار باریاں لینے والوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، ملک میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات ان باریاں لینے والوں سے چھٹکارے کا سنہری موقع ہے، پاکستان پیپلز پارٹی سے اتحاد کے بجائے ہم اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈالر تو دیکھیں 60 روپے سے 130 روپے تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالیہ عام انتخابات میں جیت کے لیے پرعزم ہیں اور اگر ہمیں اکثریت نہ ملی تو یہ ملک کی بڑی بدقسمتی ہوگی کیونکہ اکثریت ملنے پر ہی ہم بہتر طریقے سے کام کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں افتخار چوہدری اور نجم سیٹھی ان کے ساتھ ملے ہوئے تھے لیکن گزشتہ اور موجودہ انتخابات میں زمین آسمان کا فرق ہے، دونوں جماعتیں ڈری ہوئی ہیں اور اس بار ہم پوری تیاری سے الیکشن میں جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں شعور آ چکا ہے اور جو شعور اس مرتبہ عوام میں آیا ہے پہلے کبھی نہیں آیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جیت دیکھ کر یہ پہلے ہی سے شور مچا رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ہماری اکثریت ہوتی ہے تو حکومت بنانے کے لیے کوئی بھی جماعت ہو لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نہیں چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے اتحاد کے بجائے ہم اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ باریاں لینے والے خود ملوث ہیں اس لیے یہ کرپشن نہیں روک سکتے، ہم کرپشن پر قابو پا کر دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلا تفریق احتساب تک کرپشن ختم نہیں ہو سکتی جس کے لئے اداروں کا استحکام بہت ضروری ہے، ان لوگوں نے خود کو بچانے کے لیے اداروں کو تباہ کیا جو سرا سر ظلم ہے کیونکہ ملک کو ٹھیک کرنا ہے تو ہمیں اپنے اداروں کو ٹھیک کرنا ہو گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات