جھوٹے خان خیبرپختونخوا کو تباہ کرکے پنجاب میں نعرے لگا رہاہے ،شہبازشریف

پنجاب کے عوام اپنے صوبے کو برباد نہیں ہونے دینگے، کے پی کے بیمار لوگ علاج کیلئے پنجاب آتے ہیں، پشاور میٹر و کا منصوبہ 64ارب تک پہنچ چکا ہے اس کا انکشا ف عدالت نے بھی کردیا ہے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والا قومی لیڈرآج جیل میں قید ہے ،نوازشریف نے سی پیک کا تحفہ دیا ، موٹرویز کا جال بچھایا ، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا،کیا نوازشریف کا جرم ملک کی خدمت کرنا ہی عوام نے مجھے موقع دیا تو پاکستان کو ترکی اور ملائشیا بنادوں گا،صدر(ن)لیگ کا پنڈی گھیب میں جلسے سے خطاب

جمعہ جولائی 00:05

جھوٹے خان خیبرپختونخوا کو تباہ کرکے پنجاب میں نعرے لگا رہاہے ،شہبازشریف
اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والا قومی لیڈرآج جیل میں قید ہے ،،نوازشریف نے سی پیک کا تحفہ دیا ، موٹرویز کا جال بچھایا ، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا،کیا نوازشریف کا جرم ملک کی خدمت کرنا ہی عمران خان پاکستان کی خدمت نہیں کر سکتا ، خیبر پختونخوا کو تباہ وبرباد کرنے کے بعدجھوٹے خان پنجاب میں آ کر نعرے لگا رہا ہے، کے پی کے بیمار لوگ علاج کے لئے پنجاب آتے ہیں، پشاور میٹر و کا منصوبہ 64ارب تک پہنچ چکا ہے اس کا انکشا ف پشاور ہائیکورٹ نے بھی کیا ہے،عوام پنجاب کو برباد نہیں ہونے دینگے،عوام نے مجھے موقع دیا تو پاکستان کو ترکی اور ملائشیا بنادوں گا ،،نوازشریف کے دور میں ڈالر سو روپے کا تھا جو اب 130روپے ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پنڈی گھیب میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ25جولائی شیر کا دن ہے ۔ اٹک کے ساتھ پشاور ہے لیکن بہتان خان نے پشاور کا جو بیڑا غرق کیا ہے اس کوجاکر دیکھ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اڈیالہ جیل میں اپنی بیٹی کے ساتھ قید ہیں ۔ وہ اپنی شدید بیمار اہلیہ کو لند ن میں چھوڑ کر عوام کے لئے آئے ہیں۔ اٹک کے غیور عوام کی تاریخی روایات ہیں لیکن مجھے بتا کہ کبھی یہ کم ہی دیکھا ہوگا کہ ایک بیٹی کے سامنے اس کے باپ کو گرفتار کیا جائے اور ایک باپ کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا جائے ۔

شہازشریف نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ بجلی آتی ہی نہیں تھی اور زراعت تباہ ہو چکی تھی لیکن آج بجلی آچکی اور زراعت بھی عروج پر ہے اس کا سہرا نوازشریف کوجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری موجودگی میں بل کلنٹن نے نوازشریف کوفون کیا اور کہا کہ تم میرے دوست ہو، اگر تم بم دھماکے نہ کرو تو میں تمیں 5ارب دیتا ہوں ۔ دھمکیاں دیں لیکن نوازشریف نے کہا کہ میں نے اللہ کو اور اپنی عوام کوجواب دینا ہے میں بھارت کے پانچ دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کروں گا جو انہوں نے کرکے دکھائے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک مکمل ہونے سے اس علاقے میں خوشحالی کا دورشروع ہوگا ۔ یہ سب کچھ نوازشریف نے کیا اور جب ہماری حکومت تھی اس وقت ڈالر سو روپے کا تھا لیکن اب 130روپے کا ہوگیا ہے اس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا ۔ ہر چیز مہنگی ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کو مفت طبی سہولیات دیں۔ سستی بجلی نوازشریف نے کی ، کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے ۔

کیا یہ جرم ہے جو نوازشریف نے ملک کی خدمت کی جھوٹے خان نے کے پی کے کو تباہ کردیا ۔ عوام مجھے بتائیں کہ کیا جو کچھ میں نے اور نوازشریف نے بنایا اس کو بچانا چاہتے ہیں یا تباہ کر نا چاہتے ۔ آج کے پی کے بیمار لوگ علاج کے لئے پنجاب آتے ہیں۔ پشاور میں میٹر و کا منصوبہ 64ارب تک پہنچ چکا ہے اور اس کا انکشا ف پشاور ہائیکورٹ نے کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں میٹر و کا منصوبہ 30ارب میں بنا ۔

جھوٹے خان کا دماغ خالی ہے بالکل اس طرح جس طرح جلسوں میں اس کی کرسیاں خالی ہوتی ہیں۔ اگر عوام نے 25جولائی کو شیر کو ووٹ دیا تو میں پاکستان کو ترکی اور ملائشیا بنا کر چھوڑوں گا ۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل کی ۔ نوازشریف نے پاکستان کو سی پیک کا تحفہ دیا جبکہ عمران خان پاکستان کی خدمت نہیں کر سکتا ۔