اقتدار میں آکر فوڈ کارڈ، کسان کارڈ جاری کریں گے،بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 20 جولائی 2018 00:00

فیصل آباد۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر فوڈ کارڈ، کسان کارڈ جاری کریں گے۔ جڑانوالہ کے فورہ چوک میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام دوست منشور پیش کیا-اب بھی اگر عوام نے پیپلز پارٹی کو عام انتخابات میں ووٹ دیئے تو ہم اقتدار میں آکر کسانوں کو کسان کارڈ جاری کریں گے تاکہ ان کے معاشی مسائل کے حل کیلئے ان کی امداد کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کی فصلوں کی انشورنس ہوگی تاکہ قدرتی آفات کی صورت میں انہیں زیادہ مالی نقصان نہ برداشت کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ وہ اقتدار میں آکر کسانوں کے دیگر مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں سستی کھاد بھی فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خواتین کو بلا سود قرضے دیں گے تاکہ وہ اپنے چھوٹے چھوٹے کاروبار شروع کرکے اپنے گھروالوں کی کفالت کرسیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی 60 فیصد آبادی خوراک کی قلت کا شکار ہے۔مگر پیپلز پارٹی اقتدار میں آکرفوڈ کارڈ جاری کرے گی جس کے تحت لوگوں کو اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کی جائیں گے جبکہ یونین کونسل کی سطح پر فوڈ سٹوربھی کھولے جائیں گی- انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غربت کا خاتمہ چاہتی ہے اور اقتدار میں آکر غربت کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔

قبل ازیں انہوں نے فیصل آباد میں پارٹی کارکنان کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہاہے۔ ہم بھی جمہوریت کی بقا کیلئے ہر مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے عوامی منشور کی بدولت ملک سے معاشی بدحالی کو دور کریگی۔عوام الیکشن ڈے یعنی 25جولائی کو فیصل آباد ڈسٹرکٹ اور سٹی میں نامز دپیپلزپارٹی کے امیدواروں کو تیر کے نشان پر مہر لگا کر کامیاب کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی خطرات کے پیش نظر مجھے عوامی ٹرک کے اوپر خطاب کرنے کی بجائے گاڑی کے اندر خطاب کرنے پر مجبور کیا گیا پھر بھی شہید قائد عوام کے جیالوں نے چینوٹ سے لیکر فیصل آباد تک جگہ جگہ میرا والہانہ استقبال کرکے پیپلزپارٹی کے مخالفین کو پرامن جمہوری جدوجہد کرنے کا پیغام دیا ہے۔