نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے پاکستان بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات

صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے اس کے بنیادی مسائل کے خاتمہ کی ضرورت ہے‘ نجی شعبہ میں برآمدات میں اضافہ کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش کی جائے اور مخصوص اقتصادی زونز کے قیام سے استفادہ کیا جائے‘ ڈاکٹر شمشاد اختر

جمعہ 20 جولائی 2018 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے وفد نے احسان ملک اور بشیر علی محمد کی سربراہی میں جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے۔ وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور وزارت توانائی کے سیکرٹریز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی چیئرپرسن سمیت وزارت تجارت کے ایڈیشنل سیکرٹری بھی موجود تھے۔

اس موقع پر شرکاء کو پی بی سی کے سی ای او نے کاروباری شعبہ کو درپیش مسائل، مجموعی کاروباری ماحول اور معیشت کے مختلف شعبوں کی ترقی کے حوالے سے مختلف تجاویز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صنعتی شعبہ کے مسائل پر خصوصی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفد نے ملک میں کاروباری ماحول کی بہتری، صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ سمیت بجلی، گیس سمیت دیگر سہولیات کی بہتری کیلئے تجاویز پیش کیں۔

وفد نے ٹیکسز میں کمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیر خزانہ نے تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسقبل کی منتخب حکومت کیلئے سودمند ثابت ہوں گی اور اس حوالے سے تمام تر تفصیلات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مصنوعات کی عالمی معیار کے مطابق تیاری پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس سے درآمدات کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ انہوں نے شعبہ کی ترقی کی تجاویز کو موثر بنانے کیلئے تمام شراکت داروں کی شرکت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے اس کے بنیادی مسائل کے خاتمہ کی ضرورت ہے۔ نگراں وزیر خزانہ نے نجی شعبہ پر زور دیا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش کی جائے اور مخصوص اقتصادی زونز کے قیام سے استفادہ کیا جائے۔ اس وقع پر قومی معیشت کے مختلف شعبوں کے حوالے سے تفصیلی تجاویز کی تیاری پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ آنے والی حکومت کو اصلاحات متعارف کرانے میں معاونت فراہم کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :