سول ایوی ایشن کا بڑا اقدام

شاہین ایئر کی 2 پروازوں کو بیرونِ ملک جانے سے روک دیا

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعہ 20 جولائی 2018 10:34

سول ایوی ایشن کا بڑا اقدام
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جولائی۔2018ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اور شاہین ایئر انٹرنیشنل (سی اے آئی) کے درمیان ڈیڑھ ارب روپے کے واجبات کا تنازع شدت اختیار کرگیا، اور سی اے اے نے شاہین ایئر کی بیرونِ ملک جانے والی 2 پروازیں روک دیں۔نجی ٹی وی کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 2 پروازوں کو لاہور کےعلامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر روکا، جس میں سے ایک این ایل 768، لاہور سے مسقط جبکہ دوسری پرواز این ایل892 لاہور سے کینٹن کے لیے اڑان بھرنے والی تھی۔

اس حوالے سے شاہین ایئر انٹرنیشنل کے ترجمان ذوہیب حسن نے بیان جاری کرتے ہوئے سی اے اے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سندھ ہائی کورٹ کے دیے گئے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ترجمان کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے شاہین ایئر انٹرنیشنل کی جانب سے ہر دس دن بعد ایک کروڑ روپے کی ادائیگی پر سی اے اے کو پروازیں نہ روکنے کی ہدایت کی تھی، ترجمان نے دعویٰ کیا کہ شاہین ایئر نے ادائیگی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے کراچی میں سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی13 جولائی کے جاری کردہ حکم نامے کو معطل کرتے ہوئے پاکستان کی دوسری نیشنل کیریئر کو اپنے آپریشنز جاری رکھنے کا حکم دے دیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سعودی عرب کے علاوہ ایئرلائن کی تمام بین الاقوامی پروازوں کی خدمات روکنے کا حکم جاری کر رکھا تھا۔ڈائریکٹر مارکیٹنگ شاہین ایئر انٹرنیشنل، زہبیب حسن نے کہا کہ، شاہین ایئر انٹرنیشنل نے 13 جولائی 2018 کو CAA کے خط کو چیلنج کیا،جس میں CAA کے اپنے قوانین خاص طور پر حکومتی ایوی ایشن قواعد و ضوابط کے 1اصول نمبر 373 کی خلاف ورزی کی ہے۔

تمام مقامی ائر لائن کے مقابلے میں سول ایویشن کا رو یہ شاہین کے ساتھ جانبدار ہے۔شاہین ایئر پاکستان کے خزانے میں ہر ماہ اربوں روپے کا اضافہ کرتی ہے۔CAA نے کبھی بھی دوسرے مقامی کیریئر (نادہند گان)کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی لیکن بڑی تعداد میں ملک کے بڑی ائر لائنس کے مقابلے میں صرف 2 فیصد نادہندگی پر شاہین کے خلاف کارروائی کے لئے خط جاری کردیا گیا۔

شاہین ایئر نے ادائیگی کی تفصیلات عدالت میں پیش کی جس بنیاد پرCAA کے 13 جولائی، 2018 کے خط کو معطل کر دیا گیا۔زہبیب حسن نے مزید کہا کہ، شاہین ایئر انٹرنیشنل کے آپریشن معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔ ہم اپنے محترم مسافروں کا خیر مقدم کرتے ہیں، اور ہم اپنے مسافروں کی خدمت کرنے کے لئے پرجوش ہیں کیونکہ وہ ہمیشہ شاہین ایئر انٹرنیشنل کی حمایت کرتے ہیں۔