ڈونلڈٹرمپ نے ولادیمیر پیوٹن کو امریکا کے دورے کی دعوت دے دی

جمعہ 20 جولائی 2018 11:10

واشنگٹن۔20 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) امریکی صدر ٹرمپ نے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن کو امریکاکے دورے کی دعوت دے دی ہے، حال ہی میں ہیلسنکی میں دونوں رہنمائوںکی ملاقات کے بعد ٹرمپ کو امریکا میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر کی پریس سیکرٹری سارا سینڈرز نے ٹویٹر کے ذریعے اطلاع دی کہ اس دورے کی تیاریاں پہلے ہی سے شروع ہو گئی ہیں۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے پیوٹن کی یہ تجویز مسترد کر دی تھی کہ روس کو امریکی شہریوں سے پوچھ گچھ کرنے کی اجازت دی جائے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان فن لینڈ کے شہر ہیلسنکی میں بند کمرے میں ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد خود ٹرمپ کی جماعت کے لوگوں نے بھی اس پر تنقید کی تھی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد صدر ٹرمپ کو اپنے الفاظ کی اصلاح کرنا پڑی تھی اور کہنا پڑا تھا کہ وہ انھوں نے ایک لفظ غلط بول دیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز انھوں نے کہا کہ یہ ملاقات زبردست کامیابی رہی اور وہ آئندہ ملاقات کا انتظار کر رہے ہیں۔یہ اعلان امریکا کی نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر ڈین کوٹس کے لئے حیران کن ثابت ہوا اور انھوں نے یہ خبر سننے کے بعد کہا کہ یہ ملاقات بہت خاص ہونے والی ہے۔سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ چک شومر نے صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ وہ پیوٹن سے اپنی ملاقات کی تفصیل ظاہر کریں۔انھوں نے کہا کہجب تک ہمیں یہ نہ معلوم ہو کہ ہیلسنکی میں دونوں کے درمیان دو گھنٹوں تک کیا باتیں ہوئیں، اس وقت تک صدر کو پیوٹن کے ساتھ اکیلے ملاقات نہیں کرنی چاہیے۔ چاہے یہ ملاقاتیں امریکا ، روس یا کہیں اورہو۔