سعودی عرب ، سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے کے جرم میں 2 افرادکو 5 سال قید ، 1200کوڑوں وجرمانہ کی سزا

جمعہ 20 جولائی 2018 12:20

سعودی عرب ، سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے کے جرم میں 2 افرادکو 5 سال ..
مدینہ منورہ ۔20 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) سعودی عرب کے شہر مدنیہ کی فوجداری کی عدالت نے سکیورٹی کے اہلکاروں پر حملہ کرنے کے جرم میں 2 افراد کو5 برس قید ، 1200کوڑوں اور جرمانے کی سزا سنا دی۔ سعودی اخبار کے مطابق مجرمان اس فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

مدینہ منورہ کی پولیس نے واردات کے بعد حملہ آوروں کو پبلک پراسیکیوٹر کے حکم پر گرفتار کیا تھا۔

امن عامہ کے ترجمان نے واردات کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ٹریفک اہلکار کنگ فیصل اور کنگ عبدالعزیز روڈ کے چوراہے پر ٹریفک کو منظم کر رہے تھے کہ اچانک 2 افراد گاڑی سے اتر کر آئے او رانہوں نے اہلکاروں کو زدو کوب کرنا شروع کر دیا۔ اہلکاروں کو زخمی حالت میں ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ حملہ آوروں نے گرفتاری کے وقت بھی مزاحمت کی تھی۔