مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا راولپنڈی میں قیام

آج شہباز شریف کی اہم ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 20 جولائی 2018 12:28

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا راولپنڈی میں قیام
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف جمعرات کی شب اچانک راولپنڈی پہنچ گئے میڈیا رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں شہباز شریف کی ایک اعلیٰ شخصیت سے ملاقات متوقع ہے۔ صزرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب جمعرات کی شب پنڈی گھیپ سے واپس لاہور جانے کی بجائے راولپنڈی پہنچے اور راولپنڈی کے ہی ایک ہوٹل میں قیام کیا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف یا مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے پولیس ٹریننگ کالج سہالہ منتقلی کے حوالے سے گذشتہ روز راولپنڈی اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ ہوئی لیکن یہ میٹنگ کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری بھی آج راولپنڈی پہنچیں گے جہاں وہ کمشنر آفس راولپنڈی میں انتخابات کی سکیورٹی او دیگر امور کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

(جاری ہے)

قومی اخبار کے ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کے ہائی پروفائل مہمانوں کی سہالہ کالج کے صفوت ریسٹ ہاؤس منتقلی کا معاملہ بھی دو دنوں تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے اور ضمن میں حتمی فیصلہ ہونے کے بعد باقاعدہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی منظوری سے ہی کوئی قدم اُٹھایا جائے گا۔سیاسی مبصرین کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا راولپنڈی میں قیام اور وہاں متوقع ملاقاتوں کی خبروں سے یہ لگتا ہے کہ وہ اپنے بھائی اور بھتیجی کو اڈیالہ جیل سے نکال کر سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کے لیے کافی کوششیں کر رہے ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز نواز شریف نے اپنی والدہ سے ملاقات کے دوران شہباز شریف کو دور کھڑے رہنے کا مشورہ دیا تھا جس سے نواز شریف کی شہباز شریف سے ناراضگی صاف ظاہرہوئی اور عین ممکن ہے کہ شہباز شریف یہ سب نواز شریف کی ناراضگی کو دور کرنے کے لیے کر رہے ہیں کیونکہ اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف کو بطور قیدی بہت سی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔