عابد باکسر کے بعد رانا ثناء اللہ کے فرنٹ مین تھانیدار کی انٹری

سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ پر سب انسپکڑ فرخ وحید سے اپنے مخالفین کو قتل کروانے کا الزام عائد ہے، فرخ وحید کوپاکستان لانے کے لیے قانونی کاروائی مکمل کر لی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 20 جولائی 2018 12:33

عابد باکسر کے بعد رانا ثناء اللہ کے فرنٹ مین تھانیدار کی انٹری
فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جولائی 2018ء) سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے فرنٹ مین اور فیصل آباد میں جعلی پولیس مقابلوں کے ماہر رانا فرخ وحید کے خلاف گھیرا تنگ کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق عابد باکسر کے بعد ایک اور تھانیدار کی انٹری ہوئی ہے۔عابد باکسر کو ہمیشہ شہباز شریف کا ساتھی تصور کیا جا تا رہا جب کہ عابد باکسر خود بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ شہباز شریف نے ان سے کئی قتل کروائے تاہم اب عابد باکسر کے بعد ایک اور تھانیدار کی انٹری ہوئی ہے۔

جو کہ سابق وزیر قانون اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کے فرنٹ مین مانے جاتے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد میں رانا ثناء اللہ کے فرنٹ مین تھانیدار کو پاکستان لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اور اس سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کر لیے گئے ہیں۔رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فرخ وحید کی شہر کے مختلف تھانوں میں رانا ثناء اللہ کے کہنے پر ہی تعیناتی ہوتی رہی، تھانے میں تعیناتی کسی خاص ٹارگٹ کے ساتھ ہوتی تھی۔

رانا فرخ وحید شہر میں جعلی مقابلوں کے لیے مشہور تھے۔رانا فرخ پر فیصل آباد میں 2 بھائیوں سمیت 22 افراد کو جعلی پولیس مقابلوں میں قتل کرنے کا الزام عائد ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا کے فیصل آباد کے سب انسپکٹر فرخ وحید نے پچھلے دو سال میں 26 قریب لوگوں کو قتل کیا۔اور ان تمام لوگوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں قتل کیا گیا۔رپورٹس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہےکہ قتل ہونے والے ان افراد کی سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ سے کسی نہ کسی طریقے سے دشمنی تھی۔

اور یہ الزمات کسی اور کی طرف سے نہیں بلکہ ن لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری شیر علی کی طرف سے لگائے گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے تھانیدار فرخ وحید کے زریعے سے اپنے مخالفین کو قتل کروایا۔ ، ان میں سے تھانہ جھنگ بازار کے علاقے میں دو بھائیوں سمیت 6 افراد، مدینہ ٹاؤن میں تین افراد ،تھانہ صدر کے علاقے میں دو مقابلوں میں 4 افراد، تھانہ فیکٹری ایریا میں 3 افراد کو مبینہ جعلی مقابلوں میں قتل کیا، اس کے علاوہ مسلم لیگ کے رہنما اصغرعلی بھولا گجر کو قتل کرنے کا الزام بھی عائد ہے۔

۔یہ تمام قتل کرنے کے بعد فرخ وحید بیرون ملک فرار ہو گیا تھا اور کہا جا رہا ہے کہ آج کل فرخ وحید انگلینڈ میں ہیں اور ان کو پاکستان لانے کے لیے تمام قانونی کاروائی مکمل کر لی گئی ہے جب کہ فرخ وحید کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔اور فرخ وحید کے خلاف قانون نے گھیرا تنگ کر لیا ہے۔