مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے غلام حسن ملک کے دوران حراست انتقال کی شدید مذمت

بروقت طبی امداد کی عدم فراہمی اور جیل حکام کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ان کی موت کا سبب بنا،حریت قائدین سرینگر سینٹرل جیل، کوٹ بھلوال اور دیگر جیلوںکو کشمیری نظربندوں کیلئے بدترین ایذارسانی کے سنٹروں میں تبدیل کردیا گیا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور عالمی ریڈ کراس کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں جیلوں میں نظربندوںکو جنیوا کنونشن کے تحت طبی اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں،سید علی گیلانی ، میر واعظ ، محمد یاسین

جمعہ 20 جولائی 2018 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںسیدعلی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کوٹ بھلوال جیل جموں میں غیر قانونی طورپر نظربند معروف آزادی پسند کارکن غلام حسن ملک کے انتقال کو ایک انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ سے ہمارے یہ خدشات درست ثابت ہو گئے ہیں کہ جیلوںمیں نظربندکشمیری حریت پسندوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے اور انہیں دانستہ طورپر موت کے منہ مین دھکیلا جارہا ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قائدین نے غلام حسن ملک کو تحریک آزادی کشمیر کیلئے گرانقدر خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایک معمر شخص جو پہلے ہی علیل ہے کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر کے جموں کی جیل منتقل کرنا اور جیل میں انہیں علاج معالجے کی مناسب سہولت فراہم نہ کرنے سے بھارتی حکمرانوں کی کشمیری نظربندوں کے تئیں انتہا پسندانہ سوچ ظاہر ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حسن ملک کو بروقت طبی امداد کی عدم فراہمی اور جیل حکام کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ان کی موت کا سبب بنا ہے۔حریت رہنمائوںنے کہاکہ دوردراز جیلوں میں سالہا سال سے نظربند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی حالت زار اوران کے ساتھ جیل حکام کے غیر ذمہ دارانہ اور غیر انسانی رویے نے پوری قوم کو نظربندوں کی زندگیوں کے بارے میں تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔

سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق او رمحمد یاسین ملک نے کہا کہ سرینگر سینٹرل جیل، کوٹ بھلوال، کٹھوعہ، تہاڑ جیل نئی دلی، ہیرا نگر، سنگرور، ادھمپور،اور دیگر جیلوںکو کشمیری نظربندوں کیلئے بدترین ایذارسانی کے سنٹروں میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں انہیںانتہائی بدترین حالت میں رکھا جاتا ہے اورمناسب خوراک اور علاج معالجے کی سہولت سے بھی محروم رکھا جاتا ہے اورانہیں جرائم پیشہ افراد کے ساتھ رکھ کر انکی زندگیوں کو خطرے میں ڈالاجاتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ نظربندوں کو شدید ذہنی اور جسمانی تشددکا نشانہ اور انکی زندگیوں کو اجیرن بنادیا جاتا ہے۔انہوںنے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور عالمی ریڈ کراس کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں نظربند کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا خود مشاہدہ کرنے کیلئے اپنی ٹیمیںمقبوضہ علاقے بھیجیں اور نظربندوںکو جنیوا کنونشن کے تحت طبی اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔مشترکہ حریت قیاد ت نے بھارتی فورسز کی طرف سے شوپیاں کے علاقے موچھواڑہ میں کشمیری عوام پر ظلم و تشدد اور املاک کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسزنے کشمیری قوم کیخلاف اعلان جنگ کررکھا ہے جو اقوام عالم کیلئے چشم کشا ہے ۔