روپے کی قدر میں کمی، ڈالر کی قیمت میں مزید 40 پیسے کا اضافہ

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 130 روپے 10 پیسے ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 20 جولائی 2018 13:06

روپے کی قدر میں کمی، ڈالر کی قیمت میں مزید 40 پیسے کا اضافہ
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2018ء) : اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید 40 پیسے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 40 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 130 روپے 10 پیسے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 130 روپے 10 پیسے کی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق انٹربنک مارکیٹ میں ڈالر 128.50 روپے کی سطح پر مستحکم ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ۔ انٹر بنک میں امریکی ڈالر کی قدر 6 روپے 40 پیسے کے اضافے کے بعد128 روپے تک پہنچی جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قدر 5 روپے 60 پیسے کے اضافے سے 165 روپے 8 پیسے ہوگئی، یورو کی قدر 4 روپے 43 پیسے کے اضافے سے 145 روپے 72 پیسے ہوگئی۔

(جاری ہے)

ڈالر کی اونچی اُڑان نے اسٹاک مارکیٹ پر بھی برے اثرات مرتب کئے ، ہفتے کے پہلے کاروباری روز پی ایس ایکس ہنڈریڈ انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

ہنڈریڈ انڈیکس ایک ہی روز 40 ہزار اور 39 ہزار 500 کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی غیر یقینی صورتحال کے باعث ڈالرکی خرید وفروخت کی سرگرمیاں محدود رہیں ، انتہائی ضرورت مند افراد من مانی قیمتوں پر ڈالر خریدنے پر مجبور ہوئے ،ڈالر کی قدر بڑھنے سے بیرونی قرضوں میں بھی اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی بڑھنے کے خدشات بھی مزید بڑھ گئے ۔

ڈالر پاکستانی روپے کے مقابلے میں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ڈالر کی قیمت بڑھنے سے اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ہلچل مچ گئی ، ڈالر کی فروخت معطل ہوکر رہ گئی جب کہ شہریوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کئی کرنسی ڈیلرز بیرون ملک سفر پر جانے والے افراد کی فوری ضرروت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 130 روپے سے ڈالر فروخت کرتے رہے۔ جس کے بعد 17 جولائی 2018ء کو ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہو گیا ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈالر کی قیمت میں 75 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 128 روپے 75 پیسے سے بڑھ کر 128.75 روپے ہو گئی ۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 129 روپے تک پہنچ گیا تھا۔ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پر بات کرتے ہوئے صدر فاریکس ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے منفی اثر پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں کام 20 فیصد رہ گیا ۔ڈالراوپن مارکیٹ میں 128 روپے 50 پیسے پر فروخت کیا گیا۔ تاہم اب ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جس کے تحت اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 130 روپے 10 پیسے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ انٹربنک مارکیٹ میں ڈالر 128.50 روپے کی سطح پر مستحکم ہو گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :